جموں / / جموں شہر کے فوجی علاقوں میں ڈرونز کے گردش کرنے کے پراسرار سلسلے کے بیچ جموں اور دیگر اضلاع کے ضلع مجسٹریٹوں نے ڈرونز اور فضا میں اڑائے جانے والے دوسرے کھلونوں کی فروخت، ٹرانسپورٹیشن اور استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ضلع مجسٹریٹوں نے بدھ کے روز جاری کئے جانے والے حکمناموں میں کہا کہ قوم دشمن عناصر یونین ٹریٹری کے بعض علاقوں میں ڈرونز اور فضا میں اڑئے جانی والی چیزوں کا استعمال کر کے لوگوں کو مالی و جانی نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔یہ حکمنامے اس وقت سامنے آئے ہیں جب جموں شہر کے فوجی علاقوں میں گذشتہ چار روز سے ڈرونز کو مسلسل گردش کرتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔حکمناموں میں کہا گیا ہے: ‘گذشتہ دس پندرہ برسوں سے دیکھا جا رہا ہے کہ سماجی و ثقافتی محفلوں میں ویڈیو اور فوٹو کھینچنے کے لئے چھوٹے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا جا رہا ہے اور نوجوان طبقہ خاص طور پر ڈرون جیسے کھلونوں کا استعمال کرنے کا شوقین ہے۔حکمناموں کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر اہم فوجی تنصیبات اور آبادی والے علاقوں میں فضائی سپیس کے تحفظ کے لئے ضروری ہے کہ ڈرون اور فضا میں اڑائے جانے والے کھلونوں کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے۔حکمناموں میں کہا گیا ہے کہ جن لوگوں کے پاس ڈرون اور ہوا میں اڑائے جانے والے کھلونے ہیں وہ انہیں پولیس کے حوالے کر دیں۔ضلعی پولیس افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ اس حکمنامے پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔










