خصوصی مہم کے دوران 2200 ٹکٹوں کی جانچ، ڈیجیٹل دھوکہ دہی روکنے پر زور
سرینگر//وی او آئی//ریلوے حکام نے انکشاف کیا ہے کہ مسافر مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار جعلی ٹکٹوں کے ذریعے سفر کر رہے تھے۔ جموں ڈویڑن میں پہلی بار اس نوعیت کے چار معاملات پکڑے گئے ہیں۔ یہ کارروائی 15 سے 21 دسمبر تک چلائی گئی خصوصی مہم کے دوران کی گئی، جس میں 2200 سے زائد ٹکٹوں کی جانچ کی گئی۔ خصوصی ٹیمیں ڈویڑن کے ہر ریلوے اسٹیشن پر تعینات رہیں۔ جانچ کے دوران ایک مسافر کے پاس لکھنؤ چار باغ سے جموں توی کا غیر محفوظ (ان ریزروڈ) ٹکٹ پایا گیا، جس پر نو افراد کے سفر کا ذکر تھا، حالانکہ اصول کے مطابق ایک غیر محفوظ ٹکٹ پر صرف چار افراد ہی سفر کر سکتے ہیں۔ مزید جانچ میں یہ ٹکٹ اے آئی سے تیار شدہ پایا گیا۔ اسی نوعیت کے تین اور معاملات بھی سامنے آئے۔ قابل ذکر ہے کہ ملک میں سب سے پہلے اے آئی سے جعلی ٹکٹ بنانے کا معاملہ شمال مغربی ریلوے کے جے پور ڈویڑن میں سامنے آیا تھا۔ سینئر ڈویڑنل کمرشل منیجر اْچت سنگھل نے کہا کہ یہ قدم ڈیجیٹل دھوکہ دہی کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے اور ریلوے مسافروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ٹکٹوں کی خریداری صرف مجاز ذرائع سے کریں۔










