جموںوکشمیر میں 2,300 قبائلی طلباء کو 4.7 کروڑ روپے سکالر شپ جاری

سری نگر//محکمہ قبائلی اَمور نے قبائلی نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور شمولیتی تعلیم کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر جموں و کشمیر بھر کے 2,308 درج فہرست قبائلی ایس ٹی) طلبأ کو 4.71 کروڑ روپے کی سکالرشپ تقسیم کی ہے۔یہ اَقدام وزیر برائے قبائلی اَمور جاوید احمد رانا کی ہدایت کے تحت جموںوکشمیر کے ہونہار او رمستحق ایس ٹی طلبأ کی تعلیمی اُمنگوں کو سپورٹ کے لئے کُل4,71,61,575 روپے کی رقم جاری کی گئی ہے ۔ جس کا مقصد قبائلی کنبوں پر مالی بوجھ کم کرنا اور تعلیمی مواقع تک مساوی رَسائی کو یقینی بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔یہ سکالرشپ قبائلی کمیونٹیوں کی تعلیمی، سماجی اور معاشی ترقی کے لئے ایک مضبوط نظام قائم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔وزیر موصوف نے محکمہ قبائلی اَمور کو ہدایت دی ہے کہ نئی درج شدہ قبائلی کمیونٹیوں کو بھی سکالرشپ سکیم میں شامل کرنے کے لئے فوری اَقدامات کئے جائیں تاکہ وہ بھی اس سہولیت سے مستفید ہو سکیں۔ڈائریکٹر قبائلی اَمور ممتاز علی نے بتایا کہ سکیم کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے لئے مرکزی وزارتِ قبائلی اَمور سے بقایا فنڈز کی جلد فراہمی کی درخواست کی گئی ہے اور اِس معاملے کو فعال طور پر فالو کیا جا رہا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی مزید 1.44 کروڑ روپے جاری ہونے کی توقع ہے تاکہ مزید طلبأ کو بھی فائدہ پہنچایا جا سکے۔