جموں//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے متعدد ارکان نے وقفہ صفر کے دوران اہم عوامی مسائل اُٹھائے جس میں صحت، تعلیم، بنیادی ڈھانچے، عوامی سہولیات اور اِنتظامی کارکردگی شامل ہیں ،کی حکومت کی توجہ مبذول کی۔رُکن قانون ساز اسمبلی شگن پریہار نے ضلع ہسپتال کشتواڑ میں اِنتظامی اَسامیوں کی خالی جگہوں کا مسئلہ اُٹھایا اور بلا تعطل طبی خدمات کو یقینی بنانے کے لئے اینستھیٹسٹ اور ریڈیالوجسٹ جیسے ماہرین کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ممبر قانون ساز اسمبلی عرفان حفیظ لون نے صارفین کو راحت فراہم کرنے اور بجلی منقطع ہونے سے بچانے کے لئے پاور ایمنسٹی سکیم میں مزید ایک سال کی توسیع کا مطالبہ کیا۔ایم ایل اے ڈاکٹر شفیع احمد وانی نے ضلع بڈگام میں عملے کی شدید کمی پر تشویش کا اِظہار کیا بالخصوص ڈپٹی چیف ایجوکیشن آفیسرز، زونل ایجوکیشن آفیسرز، ہیڈ ماسٹرز اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں پرنسپلوں کی عدم دستیابی کا ذکر کیا۔ ممبر اسمبلی غلام محی الدین میر نے طویل عرصے سے زیر اِلتوا ٔگورنمنٹ ڈگری کالج راجپورہ کی تعمیر دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا۔رُکن اسمبلی جاوید ریاض بیدار نے میونسپل کمیٹی پٹن کے لئے ایگزیکٹیو آفیسر کی تعیناتی اور اپنے حلقے میں زونل ایجوکیشن آفیسرز اور بلاک ڈیولپمنٹ آفیسرز کی خالی اَسامیوں کو پُرکرنے کا مطالبہ کیا۔ایم ایل اے طارق حمید قرہ نے صارفین کی رضامندی کے بغیر لوڈ بڑھانے کی وجہ سے بڑھائے گئے بجلی بِلوں کا مسئلہ اُٹھایا اور متعلقہ حکام سے مداخلت کی اپیل کی۔ڈاکٹر دیویندر کمار منیال نے این اِی اِی ٹی ۔ پی جی اُمیدواروں کے بروقت داخلوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ خطے کے طلباء کو قومی سطح پر نقصان نہ ہو۔ایم ایل اے پروفیسر گھارو رام بھگت نے جے اینڈ کے ایس سی اے آر ڈی بینک کے جمع کنندگان کے طویل عرصے سے زیرِ اِلتوا ٔواجبات کی جلد ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ رُکن قانون ساز اسمبلی وحید الرحمٰن پرہ نے ضلع ہسپتال پلوامہ میں ریڈیالوجسٹ کی تعیناتی کی درخواست کی تاکہ تشخیصی خدمات کو مضبوط بنایا جا سکے۔ممبر قانون ساز اسمبلی جاوید احمد میرچال نے اپنے حلقے میں صحت اور آبپاشی کے محکموں میں خالی اَسامیوں کو پُر کرنے کی اپیل کی۔
ممبر اسمبلی چودھری محمد اکرم نے محکمہ زرعی پیداوار میں فیلڈ عملے کی عبوری فہرست جلد جاری کرنے اور حالیہ ترامیم کے پیش نظر نیشنل پنشن سسٹم ( این پی ایس) کو منظم بنانے کا مطالبہ کیا۔ ایم ایل اے مظفر اقبال خان نے سڑکوں کے کھسکنے سے متاثرہ کنبوں کی بازآبادکاری اور پہاڑی ہوسٹلوں میں پوسٹ گریجویٹ طلبأکے لئے بھی سہولیات فراہم کرنے کی وکالت کی۔رُکن اسمبلی سریندر کمار نے موجودہ ضوابط کے تحت رسوئی گیس خدمات تک رسائی میں دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان تفاوت پر تشویش کا اِظہار کیا۔ایم ایل اے ظفر علی کھٹانہ نے سب ڈویژنل مجسٹریٹ کوکرناگ اور میونسپل کمیٹی کوکرناگ کے ایگزیکٹیو آفیسر سمیت دیگر خالی اَسامیوں کو پُر کرنے کا مطالبہ کیا اور پاور ایمنسٹی سکیم میں توسیع کی حمایت کی۔ ممبر قانون ساز اسمبلی ارجن سنگھ راجو نے اپنے حلقے میں سڑکوں کی حالت بہتر بنانے پر زور دیا تاکہ ایس آر ٹی سی بسوں کی روانی آسان ہو سکے۔رُکن قانون ساز اسمبلی جاوید اقبال نے گزشتہ برس راجوری کے بدھل علاقے میں پیش آنے والی پراسرار اموات کی تفصیلی تحقیقات اور عوامی ٹرانسپورٹیشن کو بہتر بنانے کے لئے اضافی بسوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ممبر قانون ساز اسمبلی شیخ احسان پردیسی نے جی بی پنت ہسپتال کی خالی عمارت کے مؤثر استعمال کے لئے منصوبہ سازی کی اپیل کی کیوں کہ بچوں کے ہسپتال کی منتقلی کے بعد اطراف میں صحت سہولیات کی کمی ہے۔ایم ایل اے ستیش شرما نے حالیہ بارشوں سے والی بال اور بیڈمنٹن کورٹس کو پہنچنے والے نقصان کی مکمل تحقیقات اور اپنے حلقے میں ہنگامی ضروریات کے پیش نظر فائر ٹینڈر کی تعیناتی کا مطالبہ کیا۔وقفہ صفرکے دوران اُٹھائے گئے مسائل عوامی خدشات کے وسیع دائرے کی عکاسی کرتے ہیں اور ارکان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان مسائل کے حل کے لئے بروقت اور مؤثر اقدامات کئے جائیں تاکہ جموں و کشمیر میں خدمات کی فراہمی کو بہتر بنایا جا سکے۔










