جموںوکشمیر بھارت کا ناقابل تنسیخ حصہ ، پاکستان کا پروپگنڈا ناقابل قبول

جموںوکشمیر بھارت کا ناقابل تنسیخ حصہ ، پاکستان کا پروپگنڈا ناقابل قبول

اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اس پلیٹ فارم کو غلط اغراض و مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہ دے /بھارتی مندوب

سرینگر/اے پی آئی// جموں وکشمیر کو بھارت کا ناقابل تنسیخ حصہ قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل رکن نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ اور دوسرے پلیٹ فارموں کے ذریعے کشمیر کے حوالے سے دنیا کو گمراہ کرنے کی کارروائیاں عمل میںلائی جارہی ہیں اور اقوام متحدہ کو اس کا سنجیدہ نوٹس لینا چاہیے اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز کو اس پروپگنڈا کرنے کیلئے اس پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے ۔ اے پی آئی نیوز کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے کی جانب سے جنرل اسمبلی میں جموں وکشمیر کا مسئلہ اٹھانے کے بعد بھارت کے مستقل نمائندے نے پاکستانی مستقل رکن کے بیان کو سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیر کے حوالے سے گمراہ کن پروپگنڈا پھیلا رہا ہے جس کا حقیقت کے ساتھ دور کا بھی واسطہ نہیں ہوتا ہے ۔ اقوام متحدہ میں بھارت کی مستقل رکن ایلڈوس میتھیو پنوس نے 15جنوری کو پاکستانی مستقل نمائندے کے بیان پر پلٹ وار کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری ریاستوں میں علیحدگی پسندی کی حوصلہ افزائی کیلئے حق خودارادیت کا غلط استعمال نہیں کیا جانا چاہئے ۔ انہوںنے کہا کہ ایسے وقت میں جب رکن ممالک کو اپنے محدود مفادات سے اوپر اٹھنا چاہیے پاکستان اپنے انتشار پسندانہ ایجنڈے کو چلانے کیلئے اقوام متحدہ کے تمام پلیٹ فارمز اور دوسرے ذرائع کا غلط استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں تنظیم کے کام پر سیکریٹری جنرل کی رپورٹ پر قومی بیان دیتے ہوئے پنوس نے کہا کہ یہ فورم بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے اور پاکستان نے مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں وکشمیر میں جو بھارت کا اٹوٹ اور لازم ملزوم حصہ ہے کا بلا جواز حوالہ دیا ۔انہوںنے کہا کہ حق خودارادیت اقوام متحدہ کے چارٹر میں شامل ایک بنیادی اصول ہے تاہم اس حق کا غلط استعمال تشکری اور جمہوری راستوں میں علیحدگی پسندی کو ہوا دینے کیلئے نہیں ہونا چاہیے ۔اگر چہ پاکستان اپنی عادت سے مجبور ہے لیکن ان کیلئے بہتر یہی ہوگا کہ وہ بے بنیاد الزامات اور جھوٹ کا سہارا نہ لیں اور ایسی تصویر پیش نہ کریں جو حقیقت سے بالکل عاری ہو۔