چار برس کے وقفے کے بعد جموں میں دربار مؤو کی بحالی کو’’ ایک خوش آئند تجربہ‘‘ قرار دیا۔وزیر اعلیٰ
جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کوجموں کے لوگوں نے والہانہ اور شاندار اِستقبال کیاجب یہاں سرکاری دفاتر دوبارہ کھلے۔ ’’دربارمؤو‘‘ روایت کے تحت اَب دفاتر سردیوں کے دارالخلافہ جموں میں کام شروع کریں گے۔یومیہ پروگرام کے مطابق وزیر اعلیٰ صبح 9:15 بجے شہیدی چوک جموں پہنچے جہاں جموں چیمبر آف کامرس، ریذیڈنسی روڈ اور راجندر بازار ایسوسی ایشنوں نے اُن کا والہانہ اِستقبال کیا۔اِس کے بعد وزیر اعلیٰ پیدل ریذیڈنسی روڈ سے رگھوناتھ بازار چوک تک گئے جہاں دُکانداروں اور شہریوں نے اُن کا خیرمقدم کیا اور نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔رگھوناتھ بازار چوک میں وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کا رگھوناتھ بازار ایسوسی ایشن کی جانب سے اِستقبال کیا گیا جس کے بعد وہ پیدل سٹی چوک کی طرف روانہ ہوئے جہاں سٹی چوک بازار اور کنک منڈی بازار ایسوسی ایشنوں کے ارکان نے اُن کا خیرمقدم کیا۔بعد ازاں، وزیر اعلیٰ سول سیکرٹریٹ پہنچے جہاں اُنہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جو روایتی دربارمؤو اقدام کے تحت دفاتر کھلنے کی علامت ہے ۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے پریڈ کا معائینہ کیا اور اَفسران و عملے سے بات چیت کی۔عمر عبداللہ نے تقریب کے بعد وزرأ کونسل اور اِنتظامی سیکرٹریوں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں مختلف محکموں کے کام کاج کے بارے میں جائزہ لیا گیا تاکہ اِنتظامی تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔وزیر اعلیٰ نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چار برس کے وقفے کے بعد جموں میں دربار کی بحالی کو’’ایک خوش آئند تجربہ’’ قرار دیاجس سے پورے شہر اور ملحقہ علاقوںمیں جوش و مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے آئندہ درپیش چیلنجوں کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اَب ایک ایسے اہم موڑ پر ہے جہاںعملی کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔عمر عبداللہ نے زور دے کر کہا،’’تمام منصوبہ بندی اور مشاورت کے مراحل مکمل ہو چکے ہیں۔ اَب وقت آگیاہے کہ فیصلوں کو عملی نتائج میں تبدیل کیا جائے۔‘‘اُنہوں نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ پہلے سے منظور شدہ منصوبوں پر بروقت عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ نچلی سطح پر واضح پیش رفت نظر آئے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مالی وسائل کی رُکاوٹوں کو تسلیم کرتے ہوئے یقین دِلایا کہ محدود وسائل کے مسئلے کو مناسب طریقے سے حل کیا جائے گا۔اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ مؤثر کارکردگی کو یقینی بنائیں اور غیر ضروری اخراجات پر قابو پائیں۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ کشمیر صوبے میں ضلعی سطح پر جائزہ میٹنگ منعقد کئے جا چکے ہیں اور اَب اسی نوعیت کی میٹنگ صوبہ جموں میںبھی شروع کئے جائیں گے تاکہ ترقیاتی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے اور عوامی مسائل حل کئے جا سکیں۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے حالیہ اسمبلی سیشن کے کامیاب اور پُرامن اِنعقاد کو یقینی بنانے میں تمام محکموں کی مربوط کوششوں کی ستائش کی۔










