جموں،سرینگر سمیت سات پروازیں تاخیر کا شکار

جموں،سرینگر سمیت سات پروازیں تاخیر کا شکار

شدید دھند کے باعث جموں ہوائی اڈے پر فضائی نظام متاثر

سرینگر/// یو این ایس// شدید دھند اور حدِ نظر میں نمایاں کمی کے باعث جموں اتوار کے روزہوائی اڈے پر فضائی آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں کم از کم سات پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ یہ صورتحال صبح کے اوقات میں پیش آئی، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔یو این ایس کے مطابق جموں ہوائی اڈے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ خراب موسمی حالات کے سبب جموں سے دہلی، اندور اور احمد آباد جانے والی متعدد پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔ اس کے علاوہ جموں سے سرینگر جانے والی دو پروازیں بھی متاثر ہوئیں، جبکہ لیہہ جانے والی دو پروازیں بھی کم حدِ نظر کے باعث تاخیر سے روانہ ہوئیں۔عہدیدار کے مطابق شدید دھند کے سبب حدِ نظر اس حد تک کم ہو گئی تھی کہ طے شدہ پروازوں کا محفوظ طریقے سے آپریشن ممکن نہیں رہا، جس کے باعث حالات میں بہتری آنے تک پروازوں کو روک دیا گیا۔ہوائی اڈے کے ٹرمینل پر مسافروں کو اپنی پروازوں سے متعلق تازہ معلومات کے انتظار میں دیکھا گیا، جبکہ ایئرلائنز نے موسمی حالات کے پیش نظر اپنے شیڈول میں تبدیلیاں کیں۔حکام نے کہا کہ دن کے اوقات میں حدِ نظر بہتر ہونے کے ساتھ ہی فضائی آپریشن بتدریج معمول پر آ جائے گا۔ جموں ہوائی اڈہ اتھارٹی نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بالخصوص موسمِ سرما کے دوران، جب دھند کے باعث فضائی خدمات اکثر متاثر ہوتی ہیں، اپنی پروازوں کے تازہ اوقات جاننے کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے مسلسل رابطے میں رہیں۔