واجبات 1,500 کروڑ روپے تک پہنچ گئے//وزیر جل شکتی
سرینگر//// یو این ایس وزیر برائے جل شکتی، جنگلات، ماحولیات اور ایکو سسٹم، جاوید رانا نے بتایا کہ پچھلے 14 ماہ سے مرکزی حکومت کی جانب سے جے جے ایم (ہر گھر نل) اسکیم کے لیے ایک بھی پیسہ نہیں آیا، جس کے باعث جموں و کشمیر میں اہم پانی کی فراہمی کے منصوبے مکمل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔یو این ایس کے مطابق رانا نے کہا کہ جب انہوں نے وزارت کا قلمدان سنبھالا، اس وقت محکمے پر 400 کروڑ روپے واجبات تھے جو پہلے سے کیے گئے کام کے لیے تھے۔ آج یہ واجبات 1,500 کروڑ روپے تک پہنچ گئے ہیں، حالانکہ یہ وہ کام ہیں جو پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹھیکیدار اور محکمے کے ملازمین بغیر ادائیگی کے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔وزیر نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر معاملے کو اعلیٰ سطح پر اٹھا رہے ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے دو مرتبہ مرکزی وزیر سے ملاقات کی ہے۔ اس مرتبہ وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں بھی مسئلہ اٹھایا گیا اور محکمے کے افسران بھی موجود تھے۔ فنڈز کے حصول کے لیے دہلی اور یونین ٹیریٹری کے مالی وسائل دونوں پر زور دیا جا رہا ہے۔جاوید رانا نے محکمے کے عملے اور ٹھیکیداروں کی کاوشوں کو سراہا اور بتایا کہ زیر تکمیل منصوبوں میں سے 50 فیصد سے زیادہ مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ محکمے کے لوگوں اور بغیر ادائیگی کام کرنے والوں کی بڑی شراکت ہے۔یو این ایس کے مطابق وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت واجبات کی کلیئرنس اور منصوبوں کی تکمیل کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا، ‘‘ا نشاء اللہ بہت جلد پانی ہر گھر تک پہنچے گا، جیسا کہ وزیراعظم کے وڑن میں ہے، لیکن واجبات کی ادائیگی کے بغیر باقی منصوبے مکمل کرنا ممکن نہیں۔انہوں نے بتایا کہ کئی منصوبے مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے نامکمل ہیں اور موسمی حالات کی تبدیلی جیسے غیر متوقع بارش، فصلوں کا نقصان اور طویل خشک سالی نے پانی کے وسائل اور انفراسٹرکچر پر مزید دباؤ ڈالا ہے۔










