جموں//حکومت نے قانون ساز اسمبلی کو آگاہ کیا کہ کھواس بلاک کے دیہات جن میں بُدھل حلقہ اِنتخاب کے کانتھول اور مروٹھا شامل ہیں ، کو محفوظ اورمناسب پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے جل جیون مشن ( جے جے ایم ) کے تحت شامل کیا جارہا ہے ۔وزیر موصوف نے رکن اسمبلی جاوید اِقبال کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ اس علاقے کے لئے جے جے ایم کے تحت 16 واٹر سپلائی سکیمیں (ڈبلیو ایس ایس) منظور کی گئی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ان میں سے چار سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ باقی مختلف مراحل میں زیرِ تکمیل ہیں۔وزیر نے ایوان کو بتایا کہ جاری کاموں کے باوجودخطے کو گزشتہ چند برسوں سے طویل خشک سالی جیسے حالات اور کم بارش کا سامنا ہے جس کے باعث گرمیوں میں بعض آبی ذرائع خشک ہو جاتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایس ایس بدھل کا بورویل ذریعہ بھی بُری طرح متاثر ہوا ہے جس سے دیرپائی پر اثر پڑا ہے اور اس کے نتیجے میں گرمی میں کچھ بستیوں میں شدید قلت پیدا ہوئی ہے۔تاہم ،اُنہوں نے کہا کہ عبوری اَقدام کے طور پر پینے کے پانی کی ضروریات واٹر ٹینکر سروسزکے ذریعے پوری کی جا رہی ہیں۔وزیر نے بتایا کہ طویل مدتی بنیادوں پر آبی ذرائع کی دیرپائی یقینی بنانے، موجودہ سکیموں کو مضبوط کرنے اور رہ جانے والی و بلند مقام آبادیوں تک رسائی بڑھانے کے لئے تین تفصیلی پروجیکٹ رپورٹس (ڈِی پی آرز) یعنی ڈبلیو ایس ایس بُدھل۔بی، ڈبلیو ایس ایس کوٹہ چر وال اور ڈبلیو ایس ایس کوترنکا تیار کی گئی ہیں اور زیر غور ہیں۔










