سری نگر//چیف جسٹس جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ جسٹس تاشی ربستن نے ہائی کورٹ کی بلڈنگ اینڈ اِنفراسٹرکچر کمیٹی کے چیئرمین جسٹس اَتل سری دھرن کے ساتھ تقریباً 900 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہو رہے نئے ہائی کورٹ کمپلیکس سری نگر کی تعمیر میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے آج رکھہِ گنڈ اَکشا بمنہ سری نگر میں ہائی کورٹ کی نئی جگہ کا دورہ کیا۔چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) سری نگر نے چیف جسٹس کو مکمل پروجیکٹ اور اَب تک کی تعمیرات کے بارے میں آگاہ کیا۔ چیف جسٹس نے عمل آوری ایجنسی پر زور دیا کہ وہ تعمیراتی کام کو تیز کر کے اسے مقررہ مدت کے اَندر مکمل کرے۔ چیف جسٹس نے تعمیراتی کام کو بغیر کسی رُکاوٹ کے مکمل کرنے اور نئے ہائی کورٹ کمپلیکس میں متعلقہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سیکرٹری ہیلتھ سروسز، محکمہ قانون کے نمائندے، ایس ایس پی سری نگر، چیف اِنجینئر پی ڈبلیو (آر اینڈ بی) کشمیر ڈویژن اور جموں و کشمیر بینک کے نوڈل آفیسر کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں، جو موقعے پر موجود تھے۔چیف جسٹس جسٹس تاشی ربستن کے ہمراہ رجسٹرار جنرل شہزاد عظیم، رجسٹرار آئی ٹی اَنوپ کمار شرما، رجسٹرار جوڈیشل سری نگر فاروق احمد بٹ اور جوائنٹ رجسٹرار جوڈیشل وپروٹوکول عبدالباری بھی تھے۔










