black panther command controll

جدیدترین آلات اورمواصلاتی ٹیکنالوجی سے لیس’بلیک پینتھرکمانڈکنٹرول ‘گاڑی

بلٹ پروف ہونے کے علاوہ گاڑی میں مواصلاتی ٹیکنالوجی ،کیمرے بھی نصب:ڈی آئی جی پی شمالی کشمیر

بارہمولہ//جموں وکشمیر پولیس نے جدیدترین آلات اورمواصلاتی ٹیکنالوجی سے لیس دوسری ’بلیک پینتھرکمانڈکنٹرول ‘گاڑی حاصل کرلی ہے اورجنگجومخالف آپریشن کے دوران استعمال میں لائی جانے والی یہ جنگی گاڑی بارہمولہ پولیس کوسونپ دی گئی ہے ۔خیال رہے کہ کشمیرمیں پولیس کوحاصل ہونے والی اس نوعیت کی پہلی ایسی کمانڈکنٹرول گاڑی ہے جبکہ اسے پہلے جدیدترین آلات اورمواصلاتی ٹیکنالوجی سے لیس یہ گاڑی جموں میں پولیس کودی گئی تھی ۔کشمیرنیوز سرو س کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس شمالی کشمیر سجیت کمارنے ایک میڈیا دارے کیساتھ بات کرتے ہوئے کہاہے کہ ’بلیک پینتھرکمانڈکنٹرول ‘گاڑی کوہم مختلف نوعیت کے جنگجومخالف آپریشنز کے دوران استعمال میں لاسکتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ کمانڈ کنٹرول گاڑیاں جدید آلات اورٹیکنالوجی سے لیس ہوتی ہیں ،اوران کومختلف طرز کی کارروائیوں کے دوران استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ڈی آئی جی پی شمالی کشمیر کاکہناتھاکہ پہاڑوں اوربالائی علاقوں میں جنگجوئوںکے خلاف آپریشن کے دوران ، یہ بہت مشکل ہوتا ہے اور بعض اوقات ہمیں نیٹ ورک کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس مقصد کیلئے یہ کمانڈ گاڑی ہمارے لئے فائدہ مند ہوگی تاکہ سینئر حکام لائیو آپریشن کے دوران ہم آہنگی پیدا کریں۔سینئرپولیس آفیسر سجیت کمار نے مزید کہا کہ یہ شمالی کشمیر میں جموں و کشمیر پولیس کی آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھائوا دے گی جبکہ یہ گاڑی جموں و کشمیر پولیس کے آپریشنل ، امن و امان اور ریسکیو فرائض کیلئے کمانڈ سینٹر کے طور پر کام کرے گی۔ ماہرین کہتے ہیں کہ بلٹ پروف ہونے کے علاوہ ، بلیک پینتھرکمانڈکنٹرول گاڑیوں میں ہائی ریزولوشن سی سی ٹی وی،پی ٹی زیڈ کیمرے ہیں جو علاقے کا 360 ڈگری منظر پیش کرتے ہیں اور کہا جاتا ہے کہ آپریشن کے دوران افسران اور اہلکاروں کیلئے یہ جدیدگاڑی مناسب آرام دہ بھی ہے۔ ماہرین کامانناہے کہ انٹرنیٹ تک رسائی کے ساتھ ان گاڑیاں کو کسی بھی جاری جنگجومخالف آپریشن کی حقیقی وقت کی نگرانی کے لئے جموں و کشمیر پولیس کے ہیڈ کوارٹر سے منسلک کیا جا سکتا ہے۔انہوںنے کہاہے کہ سویڈن میں بنائی گئی اس بلیک پینتھرکمانڈکنٹرول ‘گاڑی میں9آئی کیمرے اورایک پی ٹی زیڈ کیمرہ نصب ہے ،جوکہ سیکورٹی فورسزکیلئے ناکہ ڈیوٹی کیساتھ آپریشن ڈیوٹی کے دوران بھی کافی مفید ثابت ہونگے ،کیونکہ وہ ان کیمروںسے چاروں اطراف کی نقل وحرکت اورسرگرمیوں پرکڑی نظررکھ سکتے ہیں ۔