جاوید ڈار نے کولکتہ میں زیر تعمیر کسان گھر کا دورہ کیا

کولکتہ//زرعی پیداوار ، دیہی ترقی ، پنچائتی راج ، کواپریٹو اور الیکشن کے محکموں کے وزیر مسٹر جاوید احمد ڈار نے آج کولکتہ میں کسان گھر کا دورہ کیا تا کہ جاری تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ دورے کے دوران وزیر نے اس سہولت کے مختلف حصوں کا معائینہ کیا جو جموں و کشمیر سے آنے والے کسانوں کیلئے ایک اہم سہارا مرکز کے طور پر کام کرتا ہے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ تزئین و آرائش کے کاموں کو تیز کریں تا کہ سہولت کو بروقت مکمل کر کے یونین ٹیرٹیری سے آنے والے کسانوں کیلئے تیار کیا جا سکے ۔ وزیر نے یہ بھی ہدایت دی کہ تمام زیر التواء کاموں کیلئے تفصیلی پروجیکٹس رپورٹس ( ڈی پی آرز ) تیار کر کے پیش کئے جائیں تا کہ کسان گھر کو جدید سہولیات کے ساتھ ایک جدید کمرشل سہولت میں تبدیل کیا جا سکے ۔ انہوں نے زور دیا کہ اس سہولت کو جامع خدمات اور سہولیات فراہم کرنے کے قابل ہونا چاہئیے تا کہ کسان کولکتہ میں بہتر مارکیٹس اور انفراسٹرکچر تک رسائی حاصل کر سکیں ۔ بعد میں وزیر نے چنگریہاٹہ میں 4 کنال اراضی پر قائم کولڈ سٹوریج سہولت کا بھی دورہ کیا ۔ اس پروجیکٹ کا سول ورک مکمل ہو چکا ہے اور وزیر نے ہدایت دی کہ میکنیکل حصے پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے تا کہ سہولت کو جلد سے جلد جموں و کشمیر سے ہارٹیکلچر کی پیداوار کی مارکیٹنگ کیلئے استعمال کیا جا سکے ۔ وزیر کے ہمراہ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر مارکیٹنگ اینڈ پلاننگ کے علاوہ جموں و کشمیر حکومت کے دیگر سینئر افسران بھی تھے ۔