بارہمولہ//وزیر برائے زراعت، دیہی ترقی و پنچایتی راج ، اِمدادِ باہمی جاوید احمد ڈار نے کنزر بارامولہ میں کشمیر مرکنٹائل کوآپریٹیو بینک لمیٹڈ (کے ایم سی او) کی چھٹی شاخ کا اِفتتاح کیا۔وزیر موصوف نے دیہی معیشت کو مضبوط بنانے میں کواپریٹیو بینکوں کے اہم کردار پر زو ر دیتے ہوئے کہا کہ مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ کے ایم سی او شاخ مقامی باشندوں کو جامع مالی خدمات فراہم کرے گی ، کسان کمیونٹی کو فائدہ پہنچائے گی اور سرکاری فلاحی سکیموں میں سہولیت فراہم کرے گی۔جاوید ڈار نے کے ایم سی او کی پیش قدمی کرنے والی ڈیجیٹل پہل کاریوں کو اُجاگر کیاجن میں 2012 میں کور بینکنگ سسٹم (سی بی ایس) کا نفاذ شامل ہیجوچوبیس گھنٹے حقیقی وقت تک رسائی ممکن بناتا ہے اور ملک بھر میں آسان لین دین کے لئے حسب ضرورت رُوپَے ڈیبٹ کارڈز جاری کئے گئے ہیں۔ بینک ڈیجیٹل اَپنانے میں جموں و کشمیر یوٹی میں سب سے آگے ہے اوراین پی سی آئی پلیٹ فارموں میں فعال حصہ لے رہا ہے اور اے ٹی ایم لین دین پر کوئی چارج نہیںہے۔وزیرموصوف نے اعلان کیا کہ عمر عبداللہ حکومت یونین ٹیریٹری کے دیگر اضلاع میں بھی کے ایم سی او کی شاخیں کھولے گی، تاکہ بینک کی رسائی اور خدمات کو مزید علاقوں تک بڑھایا جا سکے۔ اِس اقدام کا مقصد دیہی معیشت کو مزید مضبوط کرنا اور وسیع تر آبادی کو مالی خدمات فراہم کرنا ہے، جو حکومت کی دیہی ترقی اور تعاوناتی نمو کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔وزیر کے ہمراہ رُکن قانون ساز اسمبلی گلمرگ پیرزادہ فاروق احمد شاہ،ممبر اسمبلی سوپور اِرشاد رسول کار اور کے ایم سی اوکے سینئر اَفسران بھی تھے۔










