جاوید ڈار نے کانسپورہ بارہمولہ میں مشن یووا ماڈل سمال بزنس ڈیولپمنٹ یونٹ کا اِفتتاح کیا

بارہمولہ//وزیر برائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقی و پنچایتی راج ، اِمدادِ باہمی اور الیکشن جاوید احمد ڈار نے بارہمولہ میں مشن یووا ماڈل سمال بزنس ڈیولپمنٹ یونٹ (ایس بی ڈِی یو) کا اِفتتاح کیاجس کا مقصد ضلع بھر میں نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ، سیلف ایمپلائمنٹ اور بااختیاری کو فروغ دینا ہے۔اِس موقعہ پر رُکن قانون ساز اسمبلی بارہمولہ،ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ، ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ کم مشن ڈائریکٹر مشن یوواکے علاوہ متعدد افسران، کاروباری اَفراداور مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔اِس سے قبل وزیر موصوف نے مشن یوواکے تحت نوجوان کاروباریوں کی جانب سے لگائے گئے مختلف سٹالوں کا معائینہ کیاجس میں ان کی اِختراعی مصنوعات ، کاروباری آئیڈیاز اور خدمات کی نمائش کی گئی۔ اُنہوں نے استفادہ کنندگان سے بات چیت کی ، ان کے کاروباری جذبے کو سراہا اور مقامی کاروباری ترقی کو مضبوط بنانے کے لئے مکمل سرکاری تعاون کا یقین دِلایا۔اِس موقعہ پر وزیر جاوید ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارہمولہ میں مشن یووا ایس بی ڈِی یو کا قیام نوجوانوں کو رہنمائی، تربیت اور مالی وسائل تک رسائی فراہم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے تاکہ وہ اپنی کاروباری شروع کر سکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت اِختراعی سکیموں اور ادارہ جاتی مدد کے ذریعے کاروبار اور روزگار کے مواقع کو فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوںنے مزید کہا کہ ایس بی ڈِی یو کاروباری معاونت کے لئے ایک ون سٹاپ سپورٹ ہب کے طور پر کام کرے گا جہاں کاروباری مشاورت،ڈِی پی آر کی تیاری، قرضہ فراہمی اور صلاحیت سازی کے پروگرام جیسی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اُنہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مشن یوواکے پلیٹ فارم سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں، اپنے خیالات کو کامیاب کاروباری منصوبوں میں تبدیل کریں اور خطے کی اقتصادی ترقی میں اَپنا کردار ادا کریں۔ممبر قانون ساز اسمبلی بارہمولہ نے اپنے خطاب میں حکومت کی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی کوششوں کی ستائش کی اور ضلعی انتظامیہ کو سراہا کہ اِس نے نچلی سطح پر اختراعات اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے اقدامات کئے ہیں۔ اُنہوں نے زور دیا کہ محکمہ روزگار کو چاہیے کہ وہ مشن یوواکے تحت مزید بیداری پروگرام منعقد کرے تاکہ بے روزگار نوجوانوں تک پہنچ کر اُنہیں ان سکیموں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی جا سکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ پُرعزم ہے کہ وہ ابھرتے ہوئے کاروباریوں کو بروقت مدد، رہنمائی اور مختلف محکموں کی سکیموں کے اشتراک کے ذریعے بہتر نتائج فراہم کرے گی۔ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ کم مشن ڈائریکٹر مشن یووانے کہا کہ یہ پروگرام کاروبار کے لئے ایک مضبوط نظام تشکیل دینے کا مقصد رکھتا ہے جس میں آئیڈیاجنریشن سے لے کر منصوبہ بندی، مالی معاونت اور صلاحیت سازی تک ہر مرحلے پر مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی تاکہ نوجوان دیرپاروزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔بعد میں وزیرجاوید ڈارنے مشن یووا کے تحت منتخب کاروباریوں میں 23 لاکھ روپے مالیت کے پانچ چیک تقسیم کئے اور دس اِستفادہ کنندگان کو نئے کاروبار کے قیام کے لئے منظوری نامے حوالے کئے۔ اِس موقعہ پر ان کاروباریوں میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں جنہوں نے مشن کے تحت ہائبرڈ کپسٹی بلڈنگ ٹریننگ کورس کامیابی سے مکمل کیا تھا۔