جاوید ڈار نے پی ایم کسان سمان ندھی کی 21ویں قسط کی پیشگی جاری کرنے سے متعلقایک ورچیول میٹنگ میں شرکت کی

سری نگر// وزیربرائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقیاتی وپنچایتی راج،اِمدادِ باہمی اور الیکشن جاوید احمد ڈار نے وزیراعظم کسان سمان ندھی (پی ایم ۔ کسان) کی 21ویں قسط کی پیشگی جاری کرنے سے متعلق ایک ورچوئل میٹنگ میں شرکت کی۔یہ میٹنگ مرکزی وزیر برائے زراعت و بہبودِ کساناں شیو راج سنگھ چوہان اور مرکزی وزیر مملکت برائے پرسنل، عوامی شکایات و پنشنز ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔اِس موقعہ پر مرکزی وزیر نے پی ایم کسان سمان ندھی کی 21ویں قسط تمام اہل کسانوں بشمول جموںوکشمیر کسانوںکے لئے جاری کی ۔جموں و کشمیر کے تقریباً 8.55 لاکھ مستفیدین اس اقدام سے مستفید ہوں گے ۔مرکزی وزیر نے سیلاب سے تباہ شدہ مکانات کے لئے 1.40 لاکھ روپے کی امداد کا بھی اعلان کیا اور ہر گھر کے لئے 30,000 روپے کے علاوہ یہ کل 1.70 لاکھ روپے بنتے ہیں۔وزیربرائے زراعت جموں و کشمیرجاوید ڈار نے کہا کہ پی ایم کسان سمان ندھی کی 21ویں قسط کا اجرا ٔکسانوں کو مالی امداد فراہم کرنے اور جموں و کشمیر میں زرعی ترقی کو فروغ دینے کی سمت بالخصوص حالیہ سیلاب کے بعد ایک اہم قدم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ ترقی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی رہنمائی میں محکمہ زراعت (اے پی ڈی) اور مرکزی حکومت کے درمیان قریبی تال میل کا ثبوت ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ بروقت فنڈز کا اجرا کسانوں کو ان کی زرعی سرگرمیاں بحال کرنے اور ذریعہ معاش دوبارہ قائم کرنے میں مدد دے گا۔ جموں و کشمیر اور مرکزی حکومتوں کے درمیان اشتراک زرعی شعبے کی حمایت اور جموں و کشمیر کی مجموعی ترقی کو فروغ دینے کے اُن کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔جاوید ڈار نے مرکزی وزیر سے جموں و کشمیر کے لئے خصوصی پیکیج کی درخواست بھی کی جس پر پہلے بھی جموں میں شیو راج سنگھ چوہان کے دورے کے دوران بات ہو چکی ہے۔ یہ درخواست علاقے کی ضروریات اور چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے بالخصوص زرعی شعبے میں خصوصی تعاون کی اہمیت کو اُجاگر کرتی ہے۔اِس میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری زرعی پیداوار شیلندر کمار، سیکرٹری ٹیکنیکل اے پی ڈی جی اے صوفی اور ڈائریکٹر زراعت کشمیرسرتاج احمد شاہ بھی موجود تھے۔