javaid dar

جاوید ڈار نے عید الفطر کے موقعہ پر جموںوکشمیر کے لوگوں کو مُبارک باد پیش کی

سری نگر// وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے آج عیدالفطر کے موقعہ پر جموں و کشمیر کے لوگوںکو دلی مُبارک باد پیش کی اور اُن کے اَمن، خوشحالی اوربھلائی کے لئے دُعا کی۔اُنہوں نے اَپنے تہنیتی پیغام میں عیدالفطر کی روحانی اور سماجی اہمیت کو اُجاگر کیا جو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اِختتام کی نشاندہی کرتی ہے۔یہ وہ مہینہ ہے جو روزہ، عبادت، غور و فکر اور ضبطِ نفس کے لئے وقف ہوتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ عید الفطر روزہ رکھنے کی طاقت اور اِستقامت عطاکرنے اور مسلمانوں کو راست بازی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اللہ سبحان وتعالیٰ کا شکر اَدا کرنے کا ایک موقع ہے ۔جاوید ڈار نے کہا کہ عیدالفطر ہمدردی، سخاوت، درگزر اور بھائی چارے جیسی اَقدار کی علامت ہے جو ایک ہم آہنگ اور ترقی یافتہ معاشرے کی تعمیرکے لئے نہایت ضروری ہیں۔اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان صفات اور خوبیوں کو اَپنی روزمرہ زندگی میں اَپنائیں اور پسماندہ طبقوں کی مدد کریں ۔ اِس طرح جامعیت، شمولیت اور سماجی ذِمہ داری کے جذبے کو تقویت ملے گی۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ عید جیسے تہوار ہمیں کثرت میں وحدت کی اہمیت کا احساس دِلاتے ہیں اور معاشرے کے مختلف طبقوں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام کو مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس موقعہ کو خوشی اور سادگی کے ساتھ منائیں اور باہمی اتحاد اور ثقافتی ہم آہنگی کی شاندار روایات کو برقرار رکھیں۔اُنہوں نے روشن اور خوشحال مستقبل کی اُمید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بابرکت مواقع ہمیں اَمن، ترقی اور خوشحالی کے لئے اِجتماعی کوششوں کی ترغیب دیتے ہیں۔ اُنہوں نے تمام طبقوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔