جاوید ڈار نے سوچھ اتسو2025 کی اختتامی تقریب میں صفائی کیلئے اجتماعی ذمہ داری پر زور دیا

جاوید ڈار نے سوچھ اتسو2025 کی اختتامی تقریب میں صفائی کیلئے اجتماعی ذمہ داری پر زور دیا

سرینگر//ڈائریکٹوریٹ آف رورل سینی ٹیشن ، ڈیپارٹمنٹ آف رورل ڈیولپمنٹ اینڈ پنچائتی راج نے آر ڈی ڈی پارک ہارون میں سوچھ اتسو 2025 کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا ۔ تقریب کی زینت وزیر برائے دیہی ترقی و پنچائتی راج مسٹر جاوید احمد ڈار تھے جو کہ مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے ۔ انہوں نے جموں وکشمیر کو صاف ستھرا اور سر سبز بنانے کے وژن کو آگے بڑھانے میں شہریوں ، پنچائتوں اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کی فعال شرکت کی تعریف کی ۔ اپنے خطاب میں وزیر نے صفائی کی مہم کو مہمات اور تقریبات سے آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ صفائی کو روز مرہ کی زندگی اور عقیدے کا حصہ بننا چاہئیے ۔ وزیر نے کہا ’’ صفائی صرف ایک فرض نہیں ، یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے ، ہر شہری کو اپنے ارد گرد ، پانی کے ذخائیر اور عوامی مقامات کو صاف رکھنے کیلئے ذمہ داری سے کام لینا چاہئیے۔ سوچھ بھارت کا اصل جذبہ مستقل کمیونٹی شرکت میں مضمر ہے ۔ ‘‘ اس سے پہلے مسٹر ڈار نے ہارون میں ایک نئے کمیونٹی سہولیاتی مرکز ( سی ایف سی ) کا سنگ بنیاد بھی رکھا جس کا مقصد مقامی گورننس کو مضبوط کرنا اور علاقے میں عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے ۔ اس موقع پر ایم ایل اے حضرت بل سلمان ساگر ، سیکرٹری آر ڈی ڈی ، ڈائریکٹر جنرل رورل سینی ٹیشن ، ڈائریکٹر رورل ڈیولپمنٹ اور دیہی ترقی محکمے ، ضلعی انتظامیہ سرینگر اور سوچھ بھارت مشن کے نمائندوں سمیت دیگر سینر افسران بھی موجود تھے ۔