جاوید ڈار نے جموں میں پھل و سبزیوں کے جدید پروسسنگ و تربیتی سینٹر کا اِفتتاح کیا

جاوید ڈار نے جموں میں پھل و سبزیوں کے جدید پروسسنگ و تربیتی سینٹر کا اِفتتاح کیا

جموں//وزیر برائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقی و پنچایتی راج ، اِمدادِ باہمی و الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے زرعی شعبے میں قدر میں اِضافے اور خود روزگار کو فروغ دینے کی کوششوں کو تقویت دیتے ہوئے آج ادھے والا جموں میں پھلوں اور سبزیوں کے لئے ایک جدید پروسسنگ و تربیتی سینٹر کا اِفتتاح کیا ۔ یہ سینٹر 90 لاکھ روپے کی لاگت سے قائم کیا گیا ہے اور اِس کا مقصد کسانوں، دیہی نوجوانوں اور خواتین، خصوصاً سیلف ہیلپ گروپوں( ایس ایچ جیز) کی اراکین میں مہارتوں کی ترقی، کاروباری صلاحیتوں کے فروغ اور آمدنی میں اضافے کو یقینی بنانا ہے۔وزیر موصوف نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی، سائنسی تربیت اور قدر میں اِضافے کے اَقدامات کے ذریعے کسانوں کو بااِختیار بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ صلاحیت والے شعبوں کی نشاندہی کریں اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے اور دیرپا روزگار کو یقینی بنانے کے لئے مہارت پر مبنی تربیتی پروگراموں کو وسعت دیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کسانوں اور خواتین کو جدید پروسسنگ تکنیکوں سے آراستہ کرنے اور پھلوں اور سبزیوں کی بہتر اور ہائبرڈ اقسام کی کاشت کی حوصلہ افزائی پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے تاکہ منافع میں اِضافہ ہو سکے۔نئے اِفتتاح شدہ سینٹر میں پھلوں اور سبزیوں کے تحفظ اور پروسسنگ کے حوالے سے چھ ماہ اور ایک ماہ کے سرٹیفکیٹ کورسز پیش کئے جائیں گے۔ اِس کے علاوہ موبائل مظاہرے منعقد کئے جائیں گے اور کمیونٹی سطح پر پروسسنگ یونٹوں کو فروغ دیا جائے گا تاکہ نچلی سطح تک کسانوں کو تکنیکی معلومات فراہم کی جا سکیں۔اِس موقعہ پر مستفید افراد میں سوئیل ہیلتھ کارڈز بھی تقسیم کئے گئے تاکہ متوازن کھاد کے استعمال اور سائنسی مٹی کے انتظام کے طریقوں کو فروغ دیا جا سکے۔تقریب میں ڈائریکٹر ہارٹی کلچر جموں گل سعید، ڈائریکٹر زراعت جموں انیل گپتا، ڈائریکٹر محکمہ دیہی ترقی جموں شہناز اختر اور دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔