جاوید ڈار نے جموں میں عوامی وفود سے ملاقات

جاوید ڈار نے جموں میں عوامی وفود سے ملاقات

سرحدی علاقوں کے مسائل کی ترجیحی بنیادوں پر نمٹارے کی یقین دہانی کی

جموں//وزیر برائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقی و پنچایتی راج ،اِمداد باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں کئی عوامی وفود سے ملاقات کی اور ترقیاتی کاموں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق ان کے مسائل و مطالبات کو سُنا ۔ ملاقات کے دوران سابق سرپنچ مسٹر نریش کمار بِٹو کی قیادت میں ایک وفد نے وزیر کو سچیت گڑھ ، ارنیہ اور آر ایس پورہ کے سرحدی علاقوں میں ترقیاتی کاموں سے متعلق مختلف اہم خدشات سے آگاہ کیا ۔ وفد نے ان علاقوں میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری ، جانوروں کی پرورش کی سہولیات کی توسیع ، زراعت اور دیگر ضروری عوامی خدمات کی مضبوطی کی فوری ضرورت پر روشنی ڈالی ۔وفد کے ارکان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کی اسٹریٹجک اہمیت اور منفرد چیلنجز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سرحدی دیہاتوں کو انفراسٹرکچر کی ترقی اور سرکاری خدمات تک بہتر رسائی کے حوالے سے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے ۔ وزیر نے وفد کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کو غور سے سُنا اور مقامی آبادی کے خدشات کو اجاگر کرنے میں ان کے فعال کردار کی تعریف کی ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام جائیز مطالبات کا مرحلہ وار جائیزہ لیا جائے گا اور انہیں حل کیا جائے گا ۔ مسٹر جاوید ڈار نے کہا کہ حکومت سرحدی علاقوں کی جامع ترقی کی وعدہ بند ہے اور دیہی انفراسٹرکچر کی مضبوطی ، مویشیوں کی خدمات میں بہتری اور بہتر رابطے کو یقینی بنانا انتظامیہ کی کلیدی ترجیحات میں شامل ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ محکموں کو اٹھائے گئے مسائل کے بروقت حل کیلئے ضروری اقدامات اٹھانے کا حکم دیا جائے گا تا کہ ترقیاتی منصوبوں کے فوائد بنیادی سطح تک پہنچیں اور دور دراز و سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگ اس سے مستفید ہو سکیں ۔