سری نگر//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے آج سول سیکرٹریٹ سری نگر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں صوبہ جموں میں نہروں کی بحالی کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جل شکتی شالین کابرا، چیف انجینئر اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول جموں، سپراِنٹنڈنگ انجینئروں، ایگزیکٹو انجینئروں اور دیگر سینئر افسران نے بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔میٹنگ میں نہری ڈھانچے کی موجودہ حالت کا جائزہ لینے، شگافوں اور کمزور مقامات کی نشاندہی کرنے اور فوری بحالی و طویل مدتی مضبوطی کے لئے ایک مرحلہ وار ایکشن پلان بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔وزیر موصوف نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے حالیہ سیلاب کے بعد نہری نظام کو فوری طور پر بحال کرنے کے لئے تیز اور مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے ہدایت دی کہ تمام شگافوں اور کمزور مقامات کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے تاکہ اہم آبپاشی کے انفراسٹرکچر کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔جاوید رانانے کہا،’’ہمیں اپنے اہم آبی وسائل کے بنیاد ی ڈھانچے کے تحفظ کے لئے فوری اقدام کرنا ہوگا۔ فیلڈ عملہ مستعد اور چوکنا رہے تاکہ زمینی سطح پر درپیش مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔ کسی بھی صورت میں چوکسی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔‘‘اُنہوںنے بحالی کے کاموں کی تفصیلی رپورٹس طلب کیں اور افسران کو ہدایت دی کہ مسائل کا حل موقعہ پر ہی یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے حفاظتی اقدامات کے مؤثر عمل آوری کے لئے بین ا لمحکمانہ کورآرڈی نیشن کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ وزیر نے مکمل سرکاری تعاون کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ تمام ضروری کاموں کی بروقت تکمیل کے لئے مناسب وسائل اور اَفرادی قوت فراہم کی جائے گی۔










