مینڈھر// وزیربرائے جل شکتی ، جنگلات وماحولیات اور قبائلی اَمور جاوید احمد رانا نے بنچھ کلسیان پونچھ کے گورنمنٹ سکول میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایک طالب علم کی المناک موت پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے۔وزیر موصوف نے اَپنے تعزیتی پیغام میں جاں بحق طالب علم کے اہل خانہ سے دِلی ہمدردی کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت اُن کے لئے اِنتہائی تکلیف دہ ہے۔ اُنہوں نے مرحوم کی روح کے اَبدی سکون او رسوگوار کنبے کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی ہمت کے لئے دُعا کی۔جاو ید احمد رانانے اِس حادثے میں زخمی ہوئے بچوں کی جلد صحتیابی و شفایابی کے لئے دُعا بھی کی۔ اُنہوں نے ضلع اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اُن کے علاج و معالجے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کرے۔
