جاوید رانا نے چھنگن نبنی میں عوامی دربار منعقد کیاجاوید رانا نے چھنگن نبنی میں عوامی دربار منعقد کیا

جاوید رانا نے چھنگن نبنی میں عوامی دربار منعقد کیا

سیلاب سے تباہ شدہ سڑکوں کی بروقت بحالی ، واٹر سپلائی سکیموں کے استحکام اور تعلیمی سہولیات کی بہتری کی یقین دہانی کی

مینڈھر//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی اَمور نے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی جوابدہ اور عوام دوست طرز حکمرانی کے مسلسل عزم کے ایک حصے کے طور پر آج چھنگن نبنی میں ایک عوامی دربار کا اِنعقاد کیا جس کا مقصد مقامی لوگوں سے روبرو بات چیت اور نچلی سطح کے مسائل کا حل نکالنا تھا۔عوامی دربار میں علاقے کے مختلف دیہاتوں اور بستیوں سے بڑی تعداد میں مقامی افراد نے جوش و خروش سے شرکت کی۔وزیر موصوف کے ہمراہ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔بات چیت کے دوران مقامی باشندوں نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی خستہ حالی، پانی کی فراہمی، اور سکول عمارتوں کی خراب حالت جیسے اہم مسائل اُٹھائے۔جاوید رانا نے عوام کے مسائل وشکایات کوبغور سنا اور کمیونٹی کی طرف سے اُجاگر کئے گئے اہم نکات کو سنجیدگی سے نوٹ کیا۔اُنہوں نے سیلاب سے تباہ حال سڑکوں پر تشویش کا جواب دیتے ہوئے فوری بحالی کے کام شروع کرنے کی یقین دہانی کی اور زور دیا کہ سڑک رابطہ نہ صرف آواجاہی بلکہ ایمرجنسی رسائی اور معاشی سرگرمیوں کے لئے بھی ناگزیر ہے۔وزیرموصوف نے متعلقہ اِنجینئروں کو ہدایت دِی کہ وہ تیزی سے جائزہ لیں اور بلاتاخیر فوری مرمتی کام شروع کریں۔اُنہوں نے پانی کی فراہمی کے حوالے سے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دیہی اور قبائلی علاقوں میں صاف، بغیر کسی رُکاوٹ اور وافر پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ علاقے میں واٹر سپلائی سکیموں کو مستحکم کرنے اور اپ گریڈ کرنے کا عمل تیز کیا جائے گا اور یہ کام مرکزی معاونت والی سکیموں اور فلیگ شپ پروگراموں کے تحت انجام دیا جائے گا۔جاوید رانا نے تعلیمی شعبے کے حوالے سے کہا کہ سکول عمارتوں کی تزئین و آرائش اور بہتری کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا تاکہ طلبأ کے لئے ایک محفوظ اور تعلیمی ماحول فراہم ہو۔اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ موجودہ تعلیمی سہولیات کا تفصیلی آڈِٹ کر کے بہتری کے لئے جلد از جلد تجاویز پیش کریں۔
وزیر موصوف نے قبائلی کمیونٹیوں کو بااِختیار بنانے کی حکومت کی مسلسل کوششوں کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ شمولیتی ترقی، ماحولیاتی تحفظ اوردیرپا وسائل کا انتظام ان کے محکموں کے ویژن کا بنیادی جزو ہیں۔اُنہوں نے مقامی انتظامی اداروں اور لائن ڈیپارٹمنٹوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پر زور دیا تاکہ سرکاری خدمات کو نچلی سطح تک مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکے۔وزیر کے ہمراہ موجود افسران نے ان کی ہدایات پر بروقت عمل درآمد کی یقین دہانی کرتے ہوئے دورے کے دوران وضع کردہ ترقیاتی روڈ میپ پر مکمل تعاون فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔