جموں//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے پیر پنجال خطے سے متعلق اہم بنیادی ڈھانچے اور اِنتظامی معاملات کا جائزہ لیا جس کا مقصد اِس خطے میں ترقی کو تیز کرنا اور حکمرانی کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔یہ جائزہ میٹنگ آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی جس میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری (پی ڈبلیو ڈی) انیل کمار نے شرکت کی۔وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو بروقت اور ٹھوس فوائد پہنچانے کے لئے پورے خطے میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی کاموں کی عمل آوری کے نظام کو مضبوط بنایا جائے اور اِن میں تیزی لائی جائے۔دورانِ میٹنگ آر اینڈ بی ڈویژنوںمیں تکنیکی اَفسران کی کمی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اُنہوںنے واضح کیا کہ اَفرادی قوت کے ان کمیوں کو دُور کرنا مؤثر منصوبہ بندی، مناسب نگرانی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے نہایت ضروری ہے۔اُنہوں نے ان کمیوں کو دُور کرنے اور غیر ضروری تاخیر سے بچنے کے لئے فوری اور مناسب اَقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔جاویدرانا نے اہم منصوبوں کی عمل آوری پر بھی خصوصی توجہ دی اور کہا کہ دستیاب وسائل کا زیادہ سے زیادہ اِستعمال عوامی فلاح و بہبود اور خطے میں نمایاں ترقیاتی نتائج کی فراہمی کے لئے ضروری ہے۔میٹنگ میں پی ایم جی ایس وائی پورٹل پر تفصیلی پروجیکٹ رپورٹس (ڈِی پی آرز) کے َاپ لوڈ ِنگ سے متعلق مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیرموصوف نے کہاکہ ڈِی پی آرز کی بروقت اَپ لوڈنگ اِنتہائی ضروری ہے تاکہ طریقۂ کار کی ضروریات کی فوری تعمیل یقینی بنائی جاسکے اور وہ رُکاوٹیں ختم کی جا سکیں جو اکثر پروجیکٹ کی منظوریوں اورعمل آوری میں رُکاوٹ بنتی ہے۔وزیر جاوید رانا نے اِنتظامی کارکردگی کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے مختلف سطحوں پر تیزی سے فیصلوںاور منظوریوں کو آسان بنانے کے لئے باقاعدہ راستہ اِختیار کرنے اور سرکاری فائلوں کو بروقت جمع کرنے پر زور دیا۔چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے بین محکمہ جاتی رابطہ کاری کو یقینی بنانے، اَفرادی قوت کی کمی کو دُور کرنے اور فنڈز کے مؤثر اِستعمال کے ذریعے ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے اور پیر پنجال خطے میں خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے کی یقین دہانی کی۔










