پونچھ //77 واں یومِ جمہوریہ بڑے جوش و خروش اور جذبہ وطن پرستی کے ساتھ پونچھ کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں منایا گیا ، جہاں وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور مسٹر جاوید احمد رانا نے قومی پرچم لہرایا ۔ تقریب میں 28 دستوں نے شاندار پریڈ پیش کی جن میں جے کے پی ، جے کے اے پی ، این سی سی ، سی آر پی ایف ، پولیس بینڈ اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات شامل تھے ۔ علاقے کی امیر روایات اور صلاحیتوں کو اجاگر کرنے والے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام نے تقریب میں رنگ بھر دیا ۔ اپنے خطاب کے دوران وزیر موصوف نے پونچھ کے عوام کو یومِ جمہوریہ کی مبارکباد دی اور بھارتی آئین کی اہمیت پر زور دیا کہ یہ شہریوں کو جمہوری طور پر اپنی حکومت منتخب کرنے کا اختیار دیتا ہے ۔ انہوں نے آپریشن سندور کے دوران پونچھ کے عوام کی بہادری اور لچک کی تعریف کی اور ان کی جرات و قربانیوں کو بے مثال قرار دیا ۔ وزیر موصوف نے خاص طور پر گاؤں کالا بن کا ذکر کیا جو ستمبر 2025 میں تباہ کن لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوا تھا ، جس سے 123 خاندان اپنا سامان کھو بیٹھے اور کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے بروقت امداد اور تعاون یقینی بنایا اور بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے متاثرہ ہر خاندان کو پانچ مرلہ زمین الاٹ کرنے کا حکم دیا تھا ۔ تقریب میں ایم ایل اے اعجاز احمد جان ، ضلعی ترقیاتی کمشنر ، ایس ایس پی ، ڈی ڈی سی ممبر چوہدری عبدالغنی ، ڈی ڈی سی ممبر ریاض ناز ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے علاوہ تمام ضلعی افسران اور لائن ڈیپارٹمنٹس ، نمایاں شہری ، مذہبی سربراہان موجود تھے ۔ اس کے ساتھ ایک بڑی تعداد میں عوام بھی شریک تھی ۔ پروگرام کا اختتام انعام تقسیم کی تقریب سے ہوا جس میں شرکاء کی کامیابیوں کا جشن منایا گیا اور انہیں کمیونٹی میں اپنے تعاون کیلئے ٹرافیاں اور یادگاری تحائف دئیے گئے ، جس سے پونچھ میں اتحاد اور ترقی کے جذبے کو مزید تقویت ملی ۔










