جاوید رانا نے پونچھ میں قومی پرچم لہرایا

پونچھ//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی اَمور جاوید احمد رانا نے آج ملک کی 79ویں یومِ آزادی کے موقعہ پر سپورٹس سٹیڈیم پونچھ میں ایک پُر وقار تقریب کا آغاز قومی پرچم لہرانے سے کیا۔ تقریب میں چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل تعظیم اختر، ضلع ترقیاتی کمشنر اشوک کمار شرما، ایس ایس پی شفقت حسین بٹ، ڈِی ڈِی سی ممبران عبدالغنی، ریاض ناز، پنچایتی راج اداروں کے نمائندے، فوجی افسران، سول سوسائٹی، طلبأ و طالبات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیر موصوف نے مارچ پاسٹ پریڈ کا معائینہ کیا او رسلامی لی جو قومی روایت اور جذبہ آزادی کی بھرپور عکاسی تھی۔جاوید احمد رانا نے اپنے خطاب میں کشتواڑ میں حالیہ بادل پھٹنے کے واقعے کے نتیجے میں قیمتی اِنسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دُکھ کا اظہار۔اُنہوں نے جاں بحق اَفراد کے لواحقین سے دلی اِظہار تعزیت کی اور یقین دہانی کی کہ حکومت فوری امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔اُنہوں نے مجاہدینِ آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ آزادی، سماجی انصاف، سیکولرازم اور دیرپاامن جیسے اقدار کی پاسداری کریں۔اُنہوں نے مجاہدین آزادی کی ناقابل تسخیر ہمت اور عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں ان نظریات کے تئیں اَپنی اِجتماعی وابستگی کا اعادہ کریں جن کے لئے اُنہوں نے جانیں نچھاور کیں۔
جاوید رانانے پونچھ کے شاندار ورثے، جرأت و بہادری اور استقامت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ضلع آج بھی اتحاد و ہمت کی علامت ہے اور ایک مضبوط، جامع اور مساوات پر مبنی ہندوستان کی تعمیر میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اُنہوں نے قومی یکجہتی کے تحفظ اور ہندوستان کے جمہوری اقدار کو فروغ دینے میں پونچھ کے عوام کے کلیدی کردار کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے ماحولیاتی تحفظ، قبائلی کمیونٹیوںکی ہمہ گیر ترقی اور جل شکتی مشن کے تحت آبی تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔