جاوید رانا نے نیتی آیوگ کے اسپریشنل بلاک پروگرام کے تحت منکوٹ کی نچلی سطح پر تبدیلی اور قومی شناخت کی ستائش کی

پونچھ//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے آج ضلع اِنتظامیہ پونچھ اور مقامی کمیونٹی بشمول پنچایتی راج اِداروں (پی آر آئیز) کی اِجتماعی کوششوں کی ستائش کی جنہوں نے بلاک منکوٹ میں قابلِ ذکر ترقی کو ممکن بنایا جسے نیتی آیوگ کے فلیگ شپ پروگرام اسپریشنل بلاک پروگرام( اے بی پی)کے تحت قومی سطح پر شناخت حاصل ہوئی ہے۔وزیر موصوف نے ڈاک بنگلہ پونچھ میں ضلع اِنتظامیہ کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منکوٹ بلاک کی تبدیلی کو سراہاجو کہ نچلی سطح کی کامیاب حکمرانی اور کمیونٹی پر مبنی ترقی کی ایک شاندار مثال بن کر اُبھرا ہے۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ’ منکوٹ کی ترقی ۔ایک دور دراز اور محروم بلاک سے لے کر ملک کے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے بلاکوں میں شامل ہونے تک ‘ مرکوز عمل درآمد، جوابدہ انتظامیہ اور مقامی شراکت داری کی طاقت کی بہترین مثال ہے۔وزیر نے کہا،’’منکوٹ کا سفر صرف شاندار درجہ بندی کی کہانی نہیں ہے ۔ یہ عزم، استقامت اور یقین کی کہانی ہے۔ یہ ہمارے فرنٹ لائن کارکنوں کے عزم، محکموں کے مابین ہم آہنگی اورلوگوںکے اس یقین کی عکاسی کرتا ہے کہ ترقی جامع، مساوی اور دور رس ہونی چاہیے۔‘‘اُنہوں نے واضح کیا کہ یہ تبدیلی 90 دن کے فوکسڈ سیچوریشن مہم کے دوران تیز رفتاری سے ہوئی جس کا مقصد صحت، غذائیت، تعلیم، زراعت اور مالی شمولیت جیسے ترجیحی شعبوں میں کلیدی ترقیاتی اہداف کو حاصل کرنا تھا۔یہ مہم اعلیٰ سطح کی بین ڈیپارٹمنٹل کوآرڈی نیشن اور مضبوط کمیونٹی کی شمولیت سے بھرپور رہی جس کے نتیجے میں زمینی سطح پر واضح بہتری دیکھی گئی۔جاوید احمدرانا نے فخر کے ساتھ بتایا کہ منکوٹ بلاک نے ملک بھر کے 500 اُبھرتے ہوئے بلاکوں میں 9واں مقام اور صوبہ جموں میں پہلا مقام حاصل کیا جو کہ ’’پونچھ کی ترقی کی راہ میں ایک سنگِ میل‘‘ ہے۔اُنہوں نے کہا،’’یہ اختتام نہیںہے بلکہ ایک نئے مشن کی شروعات ہے۔ اِس کامیابی کو ہمیں مزید آگے بڑھانے ، بلند ی تک پہنچنے اور اس بات کو یقینی بنانے کی تحریک دیں کہ ہر گھر بالخصوص سرحدی اور دُور دراز علاقوں میں حکمرانی کے اثرات کو محسوس کرے۔ ہمیں اس رفتار کو زیادہ دیانت داری، جامعیت اور اختراع کے ساتھ آگے بڑھانا چاہیے۔‘‘
وزیر موصوف نے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی دیہی تبدیلی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سیلپ ہیلپ گروپوں کے لئے ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے، لائن ڈیپارٹمنٹوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے اور دیرپا معاشی ماڈلوں میں سرمایہ کاری کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ ان کی وزارتیں ضلع کے دیگر پسماندہ بلاکوں میں ایسی تبدیلی لانے کی مکمل تعاون فراہم کریں گی۔وزیر موصوف نے ذاتی طور پر فرنٹ لائن ورکروں ، پی آر آئیز ، محکمانہ اَفسران اور سول سوسائٹی رہنماؤں کی کاوشوں کا اعتراف کیا جنہوں نے بلاک کی ترقی میں کلیدی رول اَدا کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ وِکاس کنڈل نے تمام شراکت داروں کا مخلصانہ شکریہ اَدا کیا اور یقین دِلایا کہ اسپریشنل بلاک پروگرام کے ذریعے پیدا ہونے والی رفتار کو برقرار رکھا جائے گا۔