سری نگر //وزیربرائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے سری نگر میں نشاط اور آلسٹینگ واٹر فلٹریشن پلانٹس کے جاری اَپ گریڈیشن کاموں کا تفصیلی جائزہ لیاجس کا مقصد سری نگر کے پینے کے پانی کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانا اور مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔اُنہوں نے دورے کے دوران پینے کے پانی کی دستیابی، فلٹریشن کے عمل اور زیر تعمیر یونٹوں کا معائینہ کیا جن میں نشاط میں 3.0 ایم جی ڈِی (ملین گیلن یومیہ) اور آلسٹینگ میں 5.5 ایم جی ڈِی کا پلانٹ شامل ہے۔وزیر جاوید احمد رانانے پانی کے ذخائر، پمپ روم، ٹیسٹنگ لیبارٹریوں اور ذخیرہ کرنے کی صلاحیتوں سمیت سہولیات کے مختلف آپریشنل یونٹوں کا معائینہ کیا۔اَفسران نے وزیر موصوف کو جانکاری دی کہ یہ پلانٹس سری نگر کی ایک بڑی آبادی کو صاف شدہ پینے کا پانی فراہم کرتے ہیں اور ان کی اَپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔اُنہوںنے منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے پر زور دیا اور پانی صاف کرنے کے عمل میں استعمال ہونے والے اہم کیمیکل ’’الم‘‘کی فوری خریداری کی ہدایت دی تاکہ فلٹریشن کی مؤثریت برقرار رہے۔ اُنہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی غیر ضروری تاخیر عوامی خدمات پر منفی اثر ڈال سکتی ہے اور عوامی اعتماد کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔اُنہوں نے حکام کو جدید طریقہ کار اپنانے، باقاعدہ مینی ٹیننس اور مؤثر اِنتظامی حکمت عملی اَپنانے کی ہدایت دی تاکہ بلاتعطل اور اعلیٰ معیار کی پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

اِس موقعہ پرجاویدرانا نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت جموں و کشمیر کے ہر گھر تک صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے کہا،’’پینے کے پانی تک رسائی عوامی صحت، معاشی ترقی اور سماجی خوشحالی کی بنیاد ہے۔ ہماری حکومت جدید انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری، جدید فلٹریشن ٹیکنالوجی کو اَپنانے اور مؤثر آپریشنل نظام قائم کرنے کے لئے پُرعزم ہے تاکہ شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں قابل اعتماد پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔‘‘وزیر موصوف نے ذخائر کا معائینہ کرتے ہوئے وادی کی قدرتی آبی وسائل کی دولت کو اُجاگر کیا اور ان کی حفاظت کی اِجتماعی ذمہ داری پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا،’’وادی قدرتی آبی ذخائر سے مالا مال ہے۔ ان قیمتی وسائل کو آلودگی اور لاپرواہی سے بچانا ہم سب کی اِجتماعی ذمہ داری ہے۔‘‘اُنہوں نے جل شکتی محکمہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پانی صاف کرنے والے مراکز کے اردگرد صفائی ستھرائی کے سخت انتظامات کی ہدایت دی۔اُنہوں نے مؤثر پانی کے انتظام پر بھی زور دیا اور ہر گھر کو صاف پانی کی فراہمی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر جاوید احمد رانا کے ہمراہ چیف اِنجینئر جل شکتی کشمیر، سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر ہائیڈرالک سری نگر، ایگزیکٹیو اِنجینئران اور دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔چیف اِنجینئر نے وزیر موصوف کو ترقیاتی کاموں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور بروقت مکمل کرنے کی یقین دہانی کی۔










