میندھر//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے ڈاک بنگلہ مینڈھر میں ایک میٹنگ طلب کی تاکہ ضلع پونچھ کے حالیہ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں کئے جارہے ریلیف اور بحالی اَقدامات کا جائزہ لیا جا سکے۔میٹنگ میں سب ڈویژنل اَفسران اور متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران نے شرکت کی جنہوں نے اَپنے اَپنے علاقوں کی زمینی صورتحال پر مبنی تفصیلی رپورٹس پیش کیں۔ دورانِ میٹنگ وزیر موصوف کو رہائشی ڈھانچوں، سڑکوں کے نیٹ ورک، عوامی سہولیات کو پہنچنے والے نقصان اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں کنبوںکی نقل مکانی کے بارے میں جانکاری دی گئی۔وزیر جاوید رانا نے جائزہ کے بعد تمام متعلقہ محکموں کو فوری، مربوط اور مؤثر اَقدامات کے لئے متعدد ہدایات جاری کیں۔اُنہوںنے ریونیو اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر نقصانات کا مکمل اور جامع جائزہ لینے کا عمل شروع کریںجس میں اِنسانی جانوں، املاک، مویشیوں اور کھڑی فصلوں کے نقصان پر خاص توجہ دی جائے۔ اُنہوںنے جائزوں کی درستگی اور فوری طور پر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیاتاکہ بروقت اِمداد اور معاوضے کی سہولیت فراہم کی جاسکے۔وزیر موصوف نے محکمہ دیہی ترقی، فلڈ کنٹرول اور جنگلات محکموں کو ہدایت دی کہ وہ خطرے سے دوچار علاقوں میں مشترکہ طور پر تحفظ اور تخفیفی اَقدامات کریں۔اُنہوں نے آفاتِ سماوی سے نمٹنے کے رہنما خطوط کے مطابق فوری طور پر بحالی اور مالی معاونت کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر جاویداحمد رانا نے فوری مشکلات کو کم کرنے کے لئے خوراک، پینے کا صاف پانی، اَدویات، کمبل اور دیگر بنیادی ضروریات پر مشتمل اِمدادی سامان کی منصفانہ تقسیم کا حکم دیا۔ اُنہوں نے سول اِنتظامیہ،ڈیزاسٹر مینجمنٹ اَتھارٹیز اور مقامی رضاکار تنظیموں کے درمیان مؤثر رابطے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اِمدادی کوششوں کو تقویت دِی جا سکے۔اُنہوں نے عمر عبداللہ حکومت کی جانب سے ہر متاثرہ شہری کی سلامتی ، بحالی اور فلاح و بہبود کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تمام محکموں سے ایک فعال ، مربوط او رعوامی مفاد پر مبنی نقطہ نظر اَپنانے پر زو ردیا۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ اُن کا دفتر صورتحال کی نگرانی کرے گا جب تک مکمل بحالی اور تعمیر نو مکمل نہیں ہوجاتی ۔










