جاوید رانا نے صوبہ کشمیر میں محکمہ جنگلات کے کام کاج کا جائزہ لیا

جاوید رانا نے صوبہ کشمیر میں محکمہ جنگلات کے کام کاج کا جائزہ لیا

سری نگر// وزیر برائے جنگلات وماحولیات جاوید احمدرانانے صوبہ کشمیر میں علاقائی محکمہ جنگلات کی مجموعی کام کاج اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے محکمہ جنگلات کے سینئر افسران کی ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں چیف کنزرویٹر آف فارسٹ کشمیر عرفان رسول وانی، کنزرویٹر آف فارسٹ نارتھ سرکل عرفان شاہ، کنزرویٹر آف فارسٹ ساؤتھ سرکل ڈاکٹر ندیم اور محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوف نے محکمہ کے اہم اِنتظامی، ترقیاتی اور عوامی خدمات سے متعلق پہلوؤں کا تفصیلی اور جامع جائزہ لیا۔میٹنگ میں فائر ووڈ کی دستیابی اور تقسیم، شجرکاری اورباغبانی سرگرمیوں کی پیش رفت، کشمیر نوٹس ٹمبر نظام کے تحت لکڑی کی فراہمی، سپیشل ائیریا سیکٹر کیپٹل انوسمنٹ(ایس اے ایس سی آئی) منصوبوں کی عمل آوری، ایکو پارکس اور فارسٹ ہٹوں کی ترقی، ٹمبر مارکنگ اور مقررہ طبعی و مالی اہداف کے حصول پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اَفسران نے وزیر کو جانکاری دی کہ محکمہ نے سپیشل ائیریا سیکٹر کیپٹل انوسمنٹ(ایس اے ایس سی آئی) منصوبوں کے تحت تقریباً 53 فیصد طبعی پیش رفت حاصل کی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ ان منصوبوں کے تحت باقی ماندہ کاموں کے ساتھ ساتھ دیگر جاری ترقیاتی سرگرمیاں بھی درست سمت میں گامزن ہیں اور رواں برس مارچ تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ عوامی ضروری خدمات کے حوالے سے وزیر کو بتایا گیا کہ منظور شدہ 80 ہزار کوئنٹل جلانے کی لکڑی کے ہدف کے مقابلے میں اَب تک تقریباً 60 ہزار کوئنٹل لکڑی ڈویژن بھر میں فراہم کی جا چکی ہے۔توقع ہے کہ باقی ماندہ مقدار مارچ تک فراہم کی جائے گی تاکہ سردیوں کے موسم میں مناسب دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔میٹنگ کو یہ بھی بتایا گیا کہ کشمیر نوٹس ٹمبر نظام کے تحت تقریباً 2 لاکھ کیوبک فٹ (سی ایف ٹی) لکڑی 2,274 مستفیدین کو فراہم کی جاچکی ہے۔ اِس کے علاوہ نارتھ اور ساؤتھ فارسٹ سرکلوں میں 5،5 لاکھ کیوبک فٹ لکڑی کی مارکنگ مکمل کی گئی ہے جسے جموں و کشمیر فارسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعے نکالا جائے گا۔جاوید احمد رانا نے اَب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اِظہار کرتے ہوئے اَفسران کو تمام جاری کاموں کو تیز کرنے اور ٹائم لائنز پر سختی سے عمل کرنے کی واضح ہدایات جاری کیں۔ اُنہوں نے طلب کی بنیاد پر جلانے کی لکڑی کی دستیابی کو یقینی بنانے اور محکمہ جنگلات کے نظام کو ہموار، شفاف اور مؤثر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر موصوف نے اہداف کے بروقت حصول اور بہتر عوامی خدمات کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے اَفسران سے کہا کہ وہ عوامی ضروریات کے تئیں حساس رہیں اور بالخصوص شدید موسمِ سرما کے دوران جنگلات سے متعلق ضروری خدمات کی مؤثر فراہمی کو یقینی بنائیں۔