علاقے کو اُبھرتے ہوئے ایدونچر ٹوراِزم ہب کے طور پر فروغ دینے کی کوشش
پونچھ//وزیربرائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی اَمور نے دیرپاترقی اور ماحولیاتی تحفظ کی طرف ایک اہم قدم اُٹھاتے ہوئے ضلع پونچھ کے مینڈھر اور سرنکوٹ علاقوں میں ایکو ٹوراِزم اور بنیادی ڈھانچے کے متعدد منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔محکمہ جنگلات و ماحولیات کی جانب سے شروع کئے گئے یہ اَقدامات حکومت کی اس مشترکہ کوشش کی عکاسی کرتے ہیں جس کا مقصد علاقے کی قدرتی خوبصورتی سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے ماحولیاتی توازن اور عوامی شمولیت کو یقینی بنانا ہے۔ اِس موقعہ پر محکمہ کے سینئر اَفسران اور مقامی رہائشیوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو ان منصوبوں میں عوامی دلچسپی کا مظہر ہے۔اہم منصوبوں میں شاہستار میں ایکو پارک کی تعمیر شامل ہے جس کی تخمینی لاگت 90 لاکھ روپے ہے اور اسے ایس اے ایس سی آئی سکیم کے تحت بنایا جائے گا۔اِس پارک کا تصور فطرت پر مبنی سیاحت کے مرکز کے طور پر کیا گیا ہے جو سیاحوں کو ماحولیاتی بیداری اور تحفظ کے طریقوں کو فروغ دینے کے ساتھ ایک عمیق تجربہ فراہم کرتا ہے۔فیلڈ آپریشنز کو مضبوط بنانے اور نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے کیمپا کے تحت 20 لاکھ روپے کی لاگت سے شاہستار میں ایک اِنسپکشن ہٹ بھی تعمیر کیا جائے گا۔ مزید برآں، پہاڑ مسجد میںکیپکس بجٹ کے تحت 35 لاکھ روپے کی لاگت سے بلاک آفیسر کوارٹر تعمیر کیا جائے گا جس سے محکمہ جنگلات کی موجودگی مضبوط ہوگی اور عملے کے لئے بہتر رہائشی سہولیات فراہم ہوں گی۔وزیر موصوف نے ایکو ٹوراِزم کے بنیادی ڈھانچے کو مزید فروغ دینے کے لئے ایک ٹریکنگ روٹ کے قیام کا بھی سنگ بنیاد رکھا، جس کے ساتھ کیفے ٹیریا کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس منصوبے پر کیپکس بجٹ کے تحت 6 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔توقع ہے کہ یہ منصوبہ مہم جوئی کے شوقین افراد کو متوجہ کرے گا اور مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔مجموعی طور پر 1.51 کروڑ روپے کے یہ منصوبے ماحولیاتی تحفظ اور معاشی ترقی کو مربوط کرنے کے لئے ترتیب دئیے گئے ہیں۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اَقدامات مقامی نوجوانوں کے لئے سیاحتی رہنما، مہمان نوازی کے شعبے اور دیگر خدمات میں دیرپا روزگار کے مواقع فراہم کریں گے جبکہ سیاحوں کی آمد میں اضافہ اور علاقائی آمدنی میں بھی بہتری آئے گی۔اُنہوں نے کہا،’’یہ منصوبے ہمارے قدرتی وسائل کے تحفظ ، دیرپا سیاحت کے مواقع پیدا کرنے اور مقامی آبادی کے میعارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لئے ہمارے پختہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔‘‘
وزیر نے مزید کہا کہ جنگلات کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے سے محکمے کے عملے کو بہتر سہولیات اور آپریشنل معاونت کے ذریعے تحفظِ ماحول کے کام مؤثر انداز میں انجام دینے میں مدد ملے گی۔اُنہوں نے طویل مدتی وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات مینڈھر اور سرنکوٹ کو جموں و کشمیر میں ایکو اور ایڈونچر ٹورازم کے اہم مراکز کے طور پر اُبھارنے میں مدد دیں گے جہاں سیاح قدرتی حسن اور حقیقی تجربات کے لیے آئیں گے۔جاوید رانا نے عمل آوری یجنسیوں کو تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقیی بنانے کی سخت ہدایات بھی جاری کیں۔ اُنہوں نے جوابدہی اور معیار پر زور دیتے ہوئے تکنیکی معیارات کی سختی سے عمل کرنے پر زوردیا اور تعمیراتی عمل یا مواد کے معیار میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کے خلاف خبردار کیا۔مقامی باشندوں اور دیگر شراکت داروں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ منصوبے نہ صرف علاقے کی سیاحتی صلاحیت کو اُجاگر کریں گے بلکہ اس کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھی اہم کردار اَدا کریں گے۔










