پونچھ//وزیربرائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امورجاوید احمد رانا نے ضلع پونچھ کے سرنکوٹ اور مینڈھر سب ڈویژنوں میں لینڈ سلائیڈ سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔اِس دورے کا مقصد زمینی سطح پر نقصان کا جائزہ لینا، اِمدادی اقدامات کی نگرانی کرنا اور متاثرہ اَفراد کے لئے فوری ریلیف اور بحالی کو یقینی بنانا تھا۔وزیر موصوف کے ہمراہ ضلع اِنتظامیہ کے اعلیٰ اَفسران اور مختلف محکموں کے انجینئران بھی تھے۔ اُنہوں نے سرنکوٹ ۔جھارنوالی۔مینڈھر روڈ پر واقع لینڈ سلائیڈ سے متاثرہ علاقوں جیسے جھارنوالی گلی، پھمبرناڑ اور ناڑ کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے سرہوتی اور جواہر نوودیا ودھیالیہ (جے این وِی) سرنکوٹ کے قریب لینڈ سلائیڈ کے بڑے مقامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جہاں بنیادی ڈھانچہ اور عوامی روابط بُری طرح متاثر ہواہے۔جاوید رانانے متعلقہ محکموں بشمول پی ڈبلیو ڈِی، آر ڈِی ڈِی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کو ہدایت دی کہ فوری طور پر نقصان کا تخمینہ لگایا جائے اور عوامی بنیادی ڈھانچے کی تیزی سے بحالی کی جائے۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام محکمے باہمی رابطے سے کام کریں تاکہ ریلیف بروقت متاثرہ لوگوں تک پہنچ سکے۔وزیر موصوف نے کہا، ’’حکومت اس مشکل وقت میں عوام کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔‘‘ اُنہوں نے متاثرہ کنبوں کو یقین دِلایا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت ان کی بحالی اور زندگی کی تعمیر نو کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔اِس سے قبل جاوید رانا نے پونچھ قصبے میں واقع شیر کشمیر پل کے قریب جوگر پارک کا بھی دورہ کیا اور آبپاشی و سیلاب کنٹرول محکمہ کو ہدایت دی کہ جاگنگ ٹریک کو پولیس لائنز تک توسیع دینے اور اس کی بہتری کے لئے تفصیلی منصوبہ رِپورٹ (ڈِی پی آر) تیار کی جائے۔اُنہوں نے ایک جدید مصنوعی سطح نصب کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ عوام کو دریا کے کنارے ایک خوبصورت مقام پر صحت مندانہ سرگرمی کی سہولیت فراہم کی جاسکے اور ہر عمر کے اَفراد ایک صحت مند طرزِ زندگی اَپنا سکیں۔وزیر جاوید رانا نے جانیار ڈنگلہ میں میران پبلک سکول کا بھی دورہ کیا جہاں اُنہوں نے طلبا، اَساتذہ اور سکول اِنتظامیہ سے ملاقات کی۔اُنہوں نے طلبا سے بات چیت کرتے ہوئے تعلیم کی انقلابی طاقت اور ایک ترقی یافتہ اور مساوی معاشرے کی تشکیل میں اس کے کردار کو اُجاگر کیا۔وزیر موصوف نے کہا، ’’تعلیم بااِختیار بنانے کا سب سے مضبوط ذریعہ ہے،‘‘ اور اس بات کا اعادہ کیا کہ عمر عبداللہ کی حکومت معیاری تعلیم کو ہر ایک تک بالخصوص دُور دراز اور دیہی علاقوں میں، پہنچانے کے لئے پُرعزم ہے۔










