جاوید رانا نے جموں میں پانی کی سپلائی کی بحالی کے اَقدامات کا جائزہ لیا

توی فلٹریشن پلانٹ کی بروقت بحالی پر اِنجینئروں کو سراہا

جموں//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی اَمور جاوید احمد رانا نے جموں صوبے کے عوام کو محفوظ اور قابلِ اعتماد پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پانی کی سپلائی کی بحالی کے اَقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔میٹنگ میں حالیہ سیلاب، مسلسل بارشوں اور وسیع پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات سے متاثرہ اہم آبی ڈھانچے کی بحالی پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دورانِ میٹنگ وزیر موصوف نے جموں شہر میں واٹر سپلائی سے متعلق اہم تنصیبات کی صورتحال کا جائزہ لیا اور جل شکتی محکمہ کے عملے اور اِنجینئروں کی انتھک کوششوں کو سراہا۔اُنہوں نے بالخصوص دھونتھلی میں توی فلٹریشن پلانٹ کو بحال کرنے پر ان کے کاوشوں کی ستائش کی جو گزشتہ رات 11:30 بجے دوبارہ فعال ہوا۔ اُنہوں نے زور دیا کہ اِس پلانٹ سے پینے کے پانی کی سپلائی پنج تیرتھی، مبارک منڈی، استاد محلہ، کچی چاونی، جین بازار، زولکا محلہ اور دیگر علاقوں تک یقینی بنائی جائے۔میٹنگ میں سیتلی سے لوہار تک جانے والی 600 ملی میٹر قطر کی رائزنگ مین لائن کی حالت کا بھی جائزہ لیا گیا جسے کافی نقصان پہنچا ہے۔ وزیر نے متعلقہ انجینئروں کو ہدایت دی کہ بحالی کے کام کو تیز کیا جائے اور پانی کی مکمل سپلائی جلد از جلد بحال کی جائے۔آفاتِ سماوی کے بعد وقفے وقفے سے پانی کی فراہمی سے متاثرہ علاقوں جیسے جانی پور، روپ نگر، بنتلاب، کیرن سوارن وہار، مٹھی اور اندرا کالونی کے رہائشیوں کو بھی یقین دہانی کی گئی۔وزیر جاوید رانا نے سیتلی ۔منڈا رائزنگ مین لائن کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے اِنجینئرنگ ٹیموں کو ہدایت دی کہ وہ چوبیس گھنٹے کام کریں تاکہ اس اہم سپلائی لائن کو بحال کیا جا سکے جو پرانے شہر، نیو پلاٹ ریہڑی،بخشی نگر اور ملحقہ علاقوںسمیت علاقوں کو پانی فراہم کرتی ہے۔وزیرموصوف کو جموں بھر میں ٹیوب ویلوں کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا جن میں سے 255 میں سے 240 اس وقت فعال ہیں۔اُنہیں بتایا گیا کہ باقی 15 ٹیوب ویلوں کی بحالی کو ترجیح دی جا رہی ہے اور اگلے دو دنوں میں مکمل کیا جائے گا۔وزیر جاوید رانا نے شدید متاثرہ علاقوں میں ریائشیوں کی فوری پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے 90 واٹر ٹینکروں کی تعیناتی کی ہدایت دی۔اُنہوں نے محکمہ کو چوبیس گھنٹے ایک کنٹرول روم قائم کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ عوامی شکایات اور مسائل کا بروقت اور مؤثر حل یقینی بنایا جا سکے۔جاوید رانا نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کو درپیش مشکلات کو کم کرنے اور جلد از جلد معمولاتِ زندگی بحال کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔