جاوید رانا نے جموں میں بیسٹ آف مائی سٹی ‘‘ کتاب کی رسم رونمائی کے موقعہ پر شہری ورثے اور پانی کی دیرپا اِستعمال کو اُجاگر کیا

جاوید رانا نے جموں میں بیسٹ آف مائی سٹی ‘‘ کتاب کی رسم رونمائی کے موقعہ پر شہری ورثے اور پانی کی دیرپا اِستعمال کو اُجاگر کیا

جموں// وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے آج جموں میں کافی ٹیبل بک ’’بیسٹ آف مائی سٹی‘‘ کی رسم رونمائی تقریب میں شرکت کی۔ یہ تقریب امر اُجالا کی جانب سے منعقد کی گئی تھی جس میں مختلف شعبہ ہائے زِندگی سے تعلق رکھنے والے ممتازشہریوں، اَفسران اورشراکت داروں نے شرکت کی ۔اُنہوں نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ اِس طرح کی اِشاعتیں شہروں کی ثقافتی اثاثے، تاریخی ورثے اور ترقیاتی سفر کو اُجاگر کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہوتی ہیں۔وزیر موصوف نے امر اُجالا کی جانب سے شہری زِندگی کی جامع اور بصری طور پر تصویر کشی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب لوگوں کے جذبے، تنوع اور اُمنگوں کی عکاسی کرتی ہے۔اِس موقعہ پراُنہوں نے تخلیقی کاوش کو سراہتے ہوئے ماحولیاتی مسائل بالخصوص زیرِ زمین پانی کی سطح میں تشویشناک کمی کی طرف بھی توجہ دِلائی۔وزیر جاوید رانا نے پانی کے تحفظ اور وسائل کے دیرپا اِنتظام کے لئے اِجتماعی اقدامات کی فوری ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے روایتی آبی نظام کی بحالی کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے ہینڈ پمپوں، بور ویلوں اور دیگر مقامی آبی ذرائع کی بحالی اور رِی چارج پر نئے سرے سے توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔وزیرجاوید رانا نے حکومت کے فعال رویے کو اُجاگر کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں پانی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مؤثر عمل درآمد اور سخت نگرانی لوگوںکو بہتر خدمات کی فراہمی اور طویل مدتی آبی تحفظ کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار اَدا کریں گے۔وزیرموصوف نے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے ویژن کا اعادہ کرتے ہوئے تمام شراکت داروں سے دیرپاترقی اور ذِمہ دارانہ وسائل کے اِنتظام کے حصول کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا تاکہ آنے والی نسلوں کے لئے متوازن اور مستحکم مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔