جاوید رانا نے جموں شہر میں پینے کے پانی کے مسائل کے حل کیلئے جائزہ میٹنگ کی صدارت کی

جاوید رانا نے جموں شہر میں پینے کے پانی کے مسائل کے حل کیلئے جائزہ میٹنگ کی صدارت کی

جموں// وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے سول سیکرٹریٹ میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی تاکہ جموں شہر کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی سے متعلق فوری مسائل کا جائزہ لیا جا سکے اور ان کے حل کے لئے اقدامات کیے جا سکیں۔اُنہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ شہر کی موجودہ اور مستقبل میں پینے کے پانی کی ضروریات کو دیرپا طریقے سے پورا کرنے کے لئے قلیل مدتی اور طویل مدتی حکمت عملی تیار کی جائے۔وزیر موصوف نے عوام کے لئے باقاعدہ، مناسب اور قابل اعتماد پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا اور حکام کو ہدایت دی کہ وہ عوامی شکایات پر فوری اور مؤثر طریقے سے جواب دیں۔دورانِ میٹنگ وزیر جاوید رانا نے سٹلی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی مستقل بحالی کے لئے تجویز کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے جلد از جلد تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈِی پی آر) تیار کریں۔اُنہوں نے چمن وہار اور ملحقہ علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کو مزید بڑھانے کے لئے ہدایت دی کہ پمپنگ واٹر سٹیشن کو ایک ہفتے کے اندر مکمل طور پر فعال بنایا جائے۔اُنہوں نے کہا کہ جب یہ منصوبہ فعال ہو جائے گا تو علاقے کے باشندگان کو پانی کی کمی کے مسائل میں نمایاں راحت ملے گی۔وزیر جل شکتی نے دستیاب وسائل کے مؤثر اِستعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی اَقدامات کا مقصد عوام کے لئے واضح اور عملی فوائد پیدا کرنا ہونا چاہیے۔اُنہوں نے یہ بھی اُجاگر کیا کہ منظور شدہ منصوبوں کو جلدعملانے کے لئے اِنتظامی اور عملی کارروائیوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنا ضروری ہے۔اُنہوں نے ایک اور اہم مداخلت کا جائزہ لیتے ہوئے کامدھنو میں سمپ ٹینک کی تعمیر پر تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے مشاہدہ کیا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد یہ سہولیت نہ صرف کامدھنو بلکہ آس پاس کے علاقوں میں پینے کے پانی کے مسائل حل کرے گی۔وزیر جاوید رانا نے کہا کہ اِس طرح کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے وسیع ترکوریج کے ساتھ منصوبہ بندی کی جانی چاہیے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے اور رہائشیوں کے مجموعی معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔اُنہوں نے رُکن قانون ساز اسمبلی جموں ویسٹ اروِند گپتا کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل پر بھی توجہ دی اور یقین دِلایا کہ پینے کے پانی کی فراہمی سے متعلق تمام جائز خدشات کا بغور جائزہ لیا جائے گا اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔وزیر جل شکتی نے عمر عبد اللہ کی قیادت والی حکومت کی تمام شہریوں کو محفوظ اور صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ قریبی تال میل قائم رکھیں اور عوام کو ریلیف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ٹائم لائنز پر سختی سے عمل کریں۔میٹنگ میں چیف اِنجینئر پی ایچ اِی، سپراِنٹنڈنگ اِنجینئروں اور محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔