جاوید رانا نے بہراہ میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور ایکوپارک کے قیام کا اعلان کیا

جاوید رانا نے بہراہ میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور ایکوپارک کے قیام کا اعلان کیا

مینڈھر//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی اَمور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے عوامی رَسائی پروگرام کے دوران مینڈھر کے بہراہ علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے علاقے میں ایک نئے ایکو پارک کے قیام کا بھی اعلان کیا جس کی تخمینہ لاگت 45 لاکھ روپے ہے۔ اِس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینا اور مقامی عوام کے لئے تفریحی مقام فراہم کرنا ہے۔وزیر موصوف نے مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ( پی ڈبلیو ڈِی) کے تحت منظور شدہ کئی اہم سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے منصوبے اِس وقت زیر عمل ہیں۔ان میں بہراہ۔قصاب روڈ کی میکڈیمائزیشن، قصاب۔ٹوٹا روڈ پر گڑھوں کی مرمت، پُلوں تک اَپ سٹریم اور ڈاؤن سٹریم اپروچ ورک کی تعمیر اور جبہ ۔بہرا ہ بائی پاس روڈ کی ترقی شامل ہیں جو علاقے میں رابطے اور ٹرانسپورٹیشن کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ وزیر جاوید رانا ن یٹرائبل سب پلان کے تحت اَقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایکلاویہ ماڈل رہائشی سکول (اِی ایم آر ایس ) بہرا ہ میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ ان کاموں کا مقصد بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، سہولیات کو بہتر بنانے اور تعلیمی سہولیات کو فروغ دینے کے لئے کئے جا رہے ہیں تاکہ قبائلی اور دُور دراز علاقوں کے طلبأ کے لئے بہتر تعلیمی مواقع یقینی بنائے جا سکیں۔وزیر موصوف نے بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے لئے مزید اعلان کیا کہ محلہ چورا، محلہ چودھریاں اور محلہ نمبرداران کے لئے تین ٹرانسفارمروں کی منظوری دی گئی ہے جو بجلی کی فراہمی کو مستحکم کرنے اور مقامی آبادی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کریں گے۔اِستفساری سیشن کے دوران مقامی رہائشیوں نے بہرا ہ کے نزدیک کھیل میدان قائم کرنے، پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے، ہینڈ پمپوں کونصب کرنے اور دیگر ضروری شہری سہولیات فراہم کرنے کی متعدد درخواستیں پیش کیں۔وزیر جاوید رانا نے ان خدشات کا جواب دیتے ہوئے عوام کو یقین دِلایا کہ تمام حقیقی مطالبات کو ترجیحی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا اور حل کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔