جاوید رانا نے بالاکوٹ کا دورہ کر کے حالیہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا

جاوید رانا نے بالاکوٹ کا دورہ کر کے حالیہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا

مینڈھر//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے مینڈھر سب ڈویژن کے بالا کوٹ علاقے کا دورہ کیا تاکہ حالیہ شدید بارشوں سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا جا سکے۔موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں علاقے میں مٹی کے تودے گرنے، زمین کے حصے بہہ جانے اور متعدد مکانات کو نقصان پہنچنے کے واقعات پیش آئے۔وزیر موصوف کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ وِکاس کنڈل، ایس ڈِی ایم مینڈھر عمران کٹاریہ، ضلعی اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران اور بارڈر روڈ آرگنائزیشن (بی آر او) و جنرل ریزرو اِنجینئر فورس (جی آر اِی ایف) کے اہلکار بھی موجود تھے۔ اُنہوںنے متاثرہ مقامات کا تفصیلی معائینہ کیا اور مقامی لوگوں سے بات چیت کر کے نقصان کی موقعہ پر ہی تفصیلات حاصل کیں۔دورے کے بعدضلع ترقیاتی کمشنر نے وزیر موصوف کا جانکاری دی کہ نقصانات کا ابتدائی تخمینہ مکمل کیا گیا ہے اور متاثرہ کنبوں کو معاوضہ فراہم کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔اِس موقعہ پر جاوید احمد رانانے عوام کو یقین دِلایا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت متاثرہ کنبوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوںنے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے کام مرحلہ وار، منصوبہ بند اور دیرپا انداز میں انجام دیئے جائیں گے تاکہ قدرتی مناظر اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھا جا سکے۔وزیر موصوف نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ چوکس رہیں اور متاثرہ اَفراد کو عارضی رہائش، طبی امداد اور دیگر ضروری سہولیات کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے جنگلات اور آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکموں کو مٹی کے تحفظ کے لئے پیش قدمی کرنے کی بھی ہدایت دی۔وزیر جاوید احمد رانا نے آفات سے نمٹنے میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت کے متحرک اور بروقت ردِّعمل کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ شہریوں کو بروقت راحت و بحالی فراہم کرنا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔