کہا،حکومت جموں و کشمیربھرمیں بنیادی خدمات کی مؤثر فراہمی یقینی بنانے کیلئے پُرعزم ہے
سری نگر//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امورجاوید احمد رانانے کشمیر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے متعدد وفود سے ملاقات کی جنہوں نے اپنے اپنے علاقوں کے اہم اور فوری توجہ طلب عوامی مسائل سے اُنہیں آگاہ کیا۔وفود نے جل جیون مشن کے تحت ٹھیکیداروں کی زیرِ اِلتوأ اَدائیگیوں کے بارے میں تشویش کا اِظہار کیااور اُنہوں نے کہا کہ طویل تاخیر کی وجہ سے جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار متاثر ہو رہی ہے۔اُنہوںنے ترال میں لفٹ اری گیشن سکیم سے متعلق پیش رفت اور درپیش رُکاوٹوں کے بارے میں بھی وضاحت طلب کی جو مقامی زرعی اور باغبانی ضروریات کے لئے نہایت اہم منصوبہ ہے۔وفود نے صوبہ کشمیر میں بالخصوص سردیوں کی تیزی سے شدت کے پیش نظر مناسب مقدار میں جلانے کی لکڑی کی فوری فراہمی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیر جاوید رانا نے ان مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پرچیف کنزرویٹر فارسٹ (سی سی ایف) کشمیر اور محکمہ جنگلات کے سینئر اَفسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ طلب کی۔اُنہوں نے لکڑی اور ایندھن کی موجودہ سٹاک پوزیشن، سپلائی چین اور تقسیم کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔وزیر موصوف نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے محکمہ کو ہدایت دی کہ عوام کے لئے بروقت، مناسب اور بلا رُکاوٹ لکڑی کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور اِنتظامی تاخیر کا فوری اَزالہ کیا جائے۔اُنہو ںنے جل جیون مشن ٹھیکیداروں کی اَدائیگیوں اور ترال کی لفٹ اری گیشن سکیم سے متعلق معاملات پر وفود کو یقین دِلایا کہ وہ متعلقہ محکموں کے ساتھ ذاتی طور پر فالو اَپ کریں گے۔وزیر جل شکتی نے اِس بات پر زور دیا کہ ان مسائل کو اوّلین ترجیح دی جائے گی تاکہ بروقت حل ممکن ہو سکے اور عوامی فلاح و بہبود کے ضروری اَقدامات کی بلاتعطل پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے عمر عبداللہ حکومت کی جوابدہ، شفاف اور عوامی مفاد پر مبنی حکمرانی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کو بروقت حل کرنے اور جموں و کشمیر بھر میں بنیادی خدمات کی مؤثر فراہمی یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔










