جموں//وزیر برائے زراعت، دیہی ترقیات و پنچایتی راج جاوید احمد ڈار نے یومِ مزدور کے موقعہ پر محنت کش طبقے کو دلی مُبارک باد پیش کی ہے۔اُنہوں نے قوم کی تعمیر میں کارکنوں کی گرانقدر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اُن کے حقوق کے تحفظ اور سماجی تحفظ کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر موصوف نے کہا،’’یومِ مزدور کے موقعہ پر میں اَپنے محنت کش بھائیوں اور بہنوں کو دِلی مُبارک باد پیش کرتا ہوں جو قوم کی تعمیر میں سب سے مضبوط ستون ہیں۔‘‘ اُنہوں نے محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوںنے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور اُن کے معیارِ ِزِندگی کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اَقدامات اُٹھائے گی۔ وزیرنے حکومت کی جانب سے مزدوروں کی معاونت کے لئے جاری اَقدامات کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کام کے حالات کو بہتر بنانے ، مناسب اُجرت فراہم کرنے اور سماجی تحفظ کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے ایک مثبت اور خوشگوار ماحول کی ضرورت پر بھی زور دیاجو کام کی پیداواری صلاحیت اور اطمینان میں اِضافہ کرے۔










