dooran

جاوید احمد ڈار کا سابق وائس چانسلر پروفیسر واحد قریشی کے اِنتقال پر اِظہارِ تعزیت

سری نگر// وزیر برائے زرعی پیداوار اوردیہی ترقی و پنچایتی راج جاوید احمد ڈار نے کشمیر یونیورسٹی اور سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے سابق وائس چانسلر پروفیسر عبدالواحد قریشی کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے۔اُنہوںنے مرحوم پروفیسر واحدقریشی کو ایک دُور اندیش تعلیمی رہنما قرار دیا جنہوں نے نہ صرف اَپنے شعبے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا بلکہ دوسروں کو بھی بہترین کارکردگی کے لئے جد وجہد اور کوشش کرنے کی ترغیب دی۔ وزیر موصوف نے پروفیسر واحد قریشی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم پروفیسر واحد قریشی ایک بہترین شخصیت تھے جنہوں نے تعلیم کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے اَپنی زندگی وقف کردی۔اُنہوں نے کہا کہ مرحوم نے کشمیر یونیورسٹی اورسینٹرل یونیورسٹی کشمیر کو سیکھنے اور تعلیمی قیادت کے لئے عظیم کیمپس کے طور پر قائم کرنے میں اہم رول اَدا کیا۔وزیر سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اِظہار کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعاکی۔اُنہوں نے تسلیم کیا کہ پروفیسر قریشی کی تعلیمات جموں و کشمیر میں تعلیمی منظر نامے کو بہتر بنانے کے لئے طلباء اور پیشہ ور افراد کی حوصلہ افزائی کرتی رہیں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ مرحوم پروفیسر واحد قریشی علم کا روشن مینار اور علمی دنیا کے لئے مشعل راہ تھے اور اُن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔پروفیسر واحد قریشی آج صبح شیر کشمیر اِنسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز ( ایس کے آئی ایم ایس ) صورہ میں اِنتقال کر گئے۔