جاوید احمد ڈار نے زراعت اور اس سے منسلک سکیموں کے بارے میں بیداری مہم چلانے پر زور دیا

جاوید احمد ڈار نے زراعت اور اس سے منسلک سکیموں کے بارے میں بیداری مہم چلانے پر زور دیا

جموں// وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج،اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جاوید احمد ڈار نے جموں و کشمیر جامع زرعی ترقیاتی پروگرام (جے کے سی آئی پی/ایچ اے ڈِی پی) کے تحت کسان کیندر تالاب تلو جموں میں منعقدہ ملٹی سٹیک ہولڈر پلیٹ فارم میٹ۔2سے خطاب کیا۔وزیر موصوف نے ایسے پلیٹ فارموں کی اہمیت کو اُجاگر کیا جو کسانوں، ایف پی اوز، سرکاری محکموں، زرعی کاروباری اَفراد، مالیاتی اِداروں، محققین اور سول سوسائٹی کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کی ترقی کے لئے مشترکہ طور پر کام کرنے کا موقعہ فراہم کرتے ہیں۔ اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ زراعت جموں و کشمیر کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور دیرپا علاقائی ترقی کے لئے کسانوں کو بااِختیار بنانے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے زراعت اور اِس سے منسلک شعبوں کی سکیموں پر ایک بیداری مہم شروع کرنے پر زور دیا تاکہ کسان کمیونٹی تک زیادہ سے زیادہ رسائی اور فوائد کو یقینی بنایا جا سکے۔ اُنہوں نے مارکیٹ پر مبنی پیداوار کو فروغ دینے، مارکیٹ روابط کو مضبوط بنانے،درمیانی اَفراد پر انحصار کم کرنے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی حوصلہ افزائی کرنے اور چھوٹے اور پسماندہ کسانوں، خواتین اور نوجوانوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیرنے زراعت اور باغبانی میں کامیاب اختراعات اور ٹیکنالوجیوں کو اَپنانے پر زو دیا اور کہا کہ مقصد روایتی کاشتکاری کو ایک جدید، آمدنی پر مبنی اور مارکیٹ سے جڑی نظام میں تبدیل کرنا ہے۔بعد میں وزیر زراعت نے دیہی ترقی محکمہ جموں کا دورہ کیا، اَفسران سے بات چیت کی اورصوبہ جموں میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔اِس تقریب میں مشن ڈائریکٹرجے کے سی آئی پی/ ایچ اے ڈِی پی، زراعت، باغبانی اور محکمہ پشو پالن کے ڈائریکٹروں، ایم ڈی جے کے ایگرو، سکاسٹ جموںاور یونیورسٹیوں کے ماہرین، جے اینڈ کے بینک اور پی این بی سمیت مالیاتی اداروں کے نمائندگان، کسان مشاورتی بورڈ کے اراکین، کسان، ایف پی اوز اور ابھرتے ہوئے کاروباری افراد نے شرکت کی۔