بارہمولہ//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقیات و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جاوید احمد ڈار نے رفیع آباد حلقہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اُنہوں نے جوڈی نمبل ، برامن، کھہموہ، برانڈوب اور ارکھر واری سمیت کئی دیہاتوں کا دورہ کیا۔دورے کا مقصد علاقے میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینا اور مقامی باشندوں کو درپیش اہم مسائل کا اَزالہ کرنا تھا۔وزیر موصوف نے پانی کی فراہمی، بجلی، سڑکوں کی حالت، غذائی اجناس کی فراہمی، ترقیاتی کاموں اور آبی ذخائر کی ترقی جیسے اہم شعبہ جات پر خصوصی توجہ دی۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو موقعے پر ہی ہدایات جاری کیں کہ عوام کو صاف اور وافر پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، بجلی کے بنیادی ڈھانچے کا معائینہ کیا جائے اور جہاں بہتری کی ضرورت ہو وہاں فوری اَقدامات کئے جائیں۔اُنہوںنے سڑکوں کی حالت اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا جائزہ لینے اور ضروری اشیائے غذائی اجناس کی دستیابی و بروقت تقسیم کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔ اُنہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جانا چاہیے۔وزیرموصوف کا یہ دورہ حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ عوامی مسائل کے حل اور زمینی سطح پر ترقیاتی کاموں کی مؤثر نگرانی کے لئے پُرعزم ہے۔










