جاوید احمد ڈار نے جی ایم سی بارہمولہ رفیع آباد اور سوپور کے طبی مراکز کا جائزہ لیا

جاوید احمد ڈار نے جی ایم سی بارہمولہ رفیع آباد اور سوپور کے طبی مراکز کا جائزہ لیا

سری نگر// وزیربرائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن ڈیپارٹمنٹ جاوید احمد ڈار نے گورنمنٹ میڈیکل کالج(جی ایم سی) بارہمولہ اور رفیع آباد حلقے کے طبی ڈھانچے کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ سول سیکرٹریٹ سری نگر میں منعقد ہوئی جس کا مقصد صحت شعبے میں موجودہ کمیوں کی نشاندہی، سروس ڈیلیوری کے طریقۂ کار کا جائزہ اور بہتری کے لئے مؤثر حکمت عملی مرتب کرنا تھا۔میٹنگ میں سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ، ایم ڈی نیشنل ہیلتھ مشن بصیر الحق چودھری اور محکمہ صحت کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔وزیر موصوف نے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) بارہمولہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جو ضلع کا سب سے اہم ٹریشری ہیلتھ کیئر اِدارہ ہے اور ایک وسیع آبادی کو طبی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ اُنہوں نے ادارے میں بنیادی ڈھانچے، مشینری، عملے اور خصوصی طبی خدمات کو بہتر بنانے کی فوری ضرورت پر زور دیا تاکہ بارہمولہ اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو معیاری طبی سہولیات میسرہو سکیں۔میٹنگ میں رفیع آباد کے روہامہ، سوپور اور دیگر علاقوں میں پرائمری ہیلتھ سینٹروں ،کمیونٹی ہیلتھ سینٹروں اور سب ڈِسٹرکٹ ہسپتالوں کی اَپ گریڈیشن پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔وزیر موصوف نے فیکلٹی و پیرا میڈیکل سٹاف کی خالی اَسامیوں کو فوری پُر کرنے، تشخیصی سہولیات کو بہتر بنانے اور بنیادی طبی خدمات کی کارکردگی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوںنے محکمہ کو صحت سہولیات کی اہم ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مقررہ وقت پر اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ،’’ہماری ترجیح رسائی سے لے کر نگہداشت کے معیار اور مریضوں کے اطمینان تک تمام سطحوں پر خدمات کی فراہمی کے نظام کا مناسب جائزہ لینا ہے ۔وزیر جاوید احمد ڈار نے متعلقہ محکموں کے مابین بہتر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا تاکہ موجودہ رُکاوٹوں کو دُور کیا جا سکے اور اِنٹگریٹیڈ ہیلتھ کیئر ڈیلیوری ماڈلز کو فروغ دیا جا سکے۔ اُنہوں نے کہا، ’’جی ایم سی بارہمولہ جیسے ہیلتھ کیئر اِداروں کو مضبوط بنانا ضلع بھر میں طبی خدمات کی فراہمی کو بہتربنانے کے لئے لازمی ہے۔