جاوید احمد ڈار نے بشناہ میں میگا کسان میلے کا افتتاح کیا

میلہ کسان ویلفئر اسکیموں کو فروغ دے گا ۔ جاوید ڈار

جموں//وزیر برائے زراعت ، دیہی ترقی ، پنچائتی راج ، کواپریٹوز اور الیکشن ڈیپارٹمنٹ مسٹر جاوید احمد ڈار نے بشناہ میں میگا کسان میلے کا افتتاح کیا ۔ یہ پروگرام جموں و کشمیر کسان ایڈوائیزری بورڈ اور ڈائریکٹوریٹ آف ایگریکلچر جموں کی مشترکہ کاوش سے منعقد کیا گیا تھا جس کا مقصد حکومت کی اسکیموں اور خدمات کو براہ راست کسان کمیونٹی تک پہنچانا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت اس بات کا پختہ عزم رکھتی ہے کہ کسانوں کو تمام سہولیات ان کے دہانے پر فراہم کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میلے کسانوں اور متعلقہ محکموں کے درمیان براہ راست رابطہ قائم کرتے ہیں جس سے وہ مختلف اسکیموں کے فوائد کو سمجھ کر ان سے استفادہ کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کسانوں کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی اور ملک کی خوراک کی سلامتی میں کلیدی کردار ادا کرنے والا قرار دیا ۔ موسم کی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کے چیلنجز کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر نے روائتی فصلوں سے ہٹ کر کیش کراپس ، باغبانی اور متعلقہ سرگرمیوں کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ نوجوانوں کو مختلف اسکیموں کے تحت مہارت کی تربیت اور مالی امداد فراہم کر رہا ہے جس میں 50 فیصد سے زیادہ سبسڈی بھی شامل ہے تا کہ زراعت کو پائیدار اور پرکشش روز گار کا ذریعہ بنایا جا سکے ۔ ایم ایل اے بشناہ ڈاکٹر راجیو بھگت نے کہا کہ میلہ کسانوں میں حکومت کے پروگراموں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے منعقد کیا گیا تھا ۔ انہوں نے زور دیا کہ زرعی پیداوار کی مارکیٹنگ میں دلالوں کا کردار کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تا کہ کسانوں کو مناسب منافع مل سکے ۔ اس موقع پر موجود افراد میں ڈی ڈی سی بشناہ دیویندر کمار ، ڈی ڈی سی ارنیہ سرکھا بھگت ، ایم ڈی ایچ اے ڈی پی سندیپ کمار ، ڈائریکٹر ایگریکلچر جموں ، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جموں ، ڈائریکٹر ایچ ایم اینڈ پی جموں ، متعلقہ شعبوں کے سینئر افسران اور علاقے کے بڑی تعداد میں کسان شامل تھے ۔