مینڈھر//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور مسٹر جاوید احمد رانا نے آج جل شکتی اور جنگلات محکموں کے سینئر افسران کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی صدارت کی تا کہ گذشتہ ہفتہ خراب موسم کے دوران کشمیر ڈویژن بھر میں پانی کی سپلائی اسکیموں اور دیگر ضروری خدمات کی بحالی کی صورتحال کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ میٹنگ کے دوران وزیر نے پینے کے پانی کی دستیابی ، پانی کی سپلائی انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کی حد اور متاثرہ اسکیموں کی بحالی میں ہونے والی پیش رفت کا جامع جائیزہ لیا ۔ متعلقہ افسران نے وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ بحالی کے کام جنگی بنیادوں پر کئے جا رہے ہیں ۔ عوام کی سہولت اور بہبود کیلئے وزیر موصوف نے محکموں کو ہدایت دی کہ اگلے دو سے تین دنوں کے اندر تمام متاثرہ پانی کی سپلائی سکیموں کی مکمل بحالی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ جہاں ضرورت ہو وہاں عبوری طور پر واٹر ٹینکروں کے ذریعے پانی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے ۔ وزیر نے جنگلات محکمے کو بھی ہدایت دی کہ موسم معمول پر آنے کے بعد خاص طور پر برفانی تودوں اور شدید بارش سے متاثرہ علاقوں میں پودوں کو پہنچنے والے نقصان کا جائیزہ لیا جائے ۔ میٹنگ میں پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ ، چیف کنزرویٹر آف فاریسٹس کشمیر ، چیف انجینئر جل شکتی ڈیپارٹمنٹ کشمیر سمیت جل شکتی اور جنگلات محکموں کے دیگر افسران نے شرکت کی ۔










