جاوید احمد رانا نے پیر پنجال ریجن میں واٹر سپلائی سکیموں کا جائزہ لیا

جاوید احمد رانا نے پیر پنجال ریجن میں واٹر سپلائی سکیموں کا جائزہ لیا

سری نگر// وزیربرائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے سول سیکرٹریٹ میں پیر پنچال ریجن میں واٹر سپلائی سکیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ میٹنگ ڈائریکٹر فائنانس ، ڈائریکٹر پلاننگ ، چیف اِنجینئر وں ، سپر اِنٹنڈنگ اِنجینئروں اورجل شکتی کے ایگزیکٹیو اِنجینئروں نے شرکت کی۔ اِس میٹنگ کا مقصد موجودہ واٹر سپلائی انفراسٹرکچر کا جائزہ لینا اور بہتری کے لئے درکار اَقدامات کی نشاندہی کرنا تھا۔وزیر موصوف نے جائزے کے دوران آئندہ برس کے لئے منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ پیر پنجال کے باشندگان کو بلاتعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اِس خطے کی مخصوص ضروریات اور چیلنجوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفصیلی منصوبے تیار کریں۔وزیر نے عوام کو محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے باقاعدہ واٹر کوالٹی ٹیسٹ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے جل جیون مشن کے افسران کو پانی کے معیار کی نگرانی کو اوّلین ترجیح دینے اور جہاں کہیں بھی ضرورت ہو اِصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں خطے میں جاری واٹر سپلائی سکیموں کے جاری منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
جاوید احمد رانا نے تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں اور تعمیراتی کام میں اعلیٰ معیار برقرار رکھا جائے۔اُنہوںنے پیر پنچال ریژن میں جل جیون مشن کی عمل آوری کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے واٹر سپلائی سکیموں کی دیرپایت کو یقینی بنانے کے لئے عوامی شراکت داری اور شمولیت پر زور دیا۔وزیر موصوف نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں جموں و کشمیر حکومت کے پیر پنجال خطہ سمیت جموں و کشمیر کے باشندگان کو پینے کا محفوظ اور قابلِ اعتماد پانی فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ ان کا محکمہ خطے میں پانی کی فراہمی کے چیلنجوں سے نمٹنے اور اس کے رہائشیوںکی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے انتھک محنت کرے گا۔