جاوید احمد رانا نے تاریخی باہو قلعہ جموں میں ایک کمیونٹی لنگر کا افتتاح کیا

جاوید احمد رانا نے تاریخی باہو قلعہ جموں میں ایک کمیونٹی لنگر کا افتتاح کیا

جموں//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور مسٹر جاوید احمد رانا نے آج تاریخی باہو قلعہ جموں میں ایک کمیونٹی لنگر کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے باہو قلعہ اور ملحقہ پووتر کالی ماں مندر کا دورہ کرنے والے زائرین اور عقیدت مندوں سے بات چیت کی ۔ انہوں نے عقیدت مندوں کو مبارکباد پیش کی اور ان کو فراہم کی جا رہی سہولیات کے بارے میں استفسار کیا اور تمام عقیدت مندوں کیلئے آرام ، صفائی اور رسائی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا ۔ وزیر موصوف نے یاتریوں اور متعلقہ افسران کے ہمراہ قلعہ اور مندر کے احاطے کا تفصیلی دورہ کیا تا کہ یاتریوں کیلئے دستیاب شہری سہولیات اور انفراسٹرکچر کا جائیزہ لیا جائے ۔ انہوں نے صفائی ، پینے کے پانی کی فراہمی اور احاطے کی عمومی دیکھ بھال سے متعلق انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ دورے کے دوران مسٹر رانا نے باہو قلعہ کے علاقے کی منظم خوبصورتی کی ضرورت پر زور دیا اور سیاحوں کے مجموعی تجربے کو بہتر بنانے کیلئے بہتر شہری سہولیات کی تخلیق پر بھی توجہ دی ۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی ترقی ، صفائی ، پینے کے پانی کی سہولیات اور جمالیاتی بہتری سے متعلق مسائل کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا جائے گا تا کہ بروقت اور موثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے ۔ وزیر موصوف نے دوہرایا کہ باہو قلعہ کو جموں میں ایک بڑے مذہبی سیاحت کے مقام کے طور پر ترقی دینے کیلئے مسلسل اور توجہ مرکوز کوششیں کی جائیں گی جبکہ اس کی ثقافتی ، تاریخی اور مذہبی وراثت کو احتیاط سے محفوظ رکھا جائے گا ۔ وزیر کے ہمراہ چیف انجینئر جل شکتی ، متعلقہ سپرنٹنڈنگ انجینئر اور ایگزیکٹو انجینئر کے علاوہ دیگر سینئر افسران بھی تھے ۔