بارہمولہ//وزیر برائے جنگلات و ماحولیات جاوید احمد رانا نے ضلع بارہمولہ میں جہلم ویلی فارسٹ ڈویژن کی جانب سے تیار کردہ ایکو پارکس کی نمائش کرنے والا ایک جامع کتابچہ جاری کیا۔یہ تقریب بارہمولہ میں مقامی ارکان قانون اسمبلی اور سینئر اَفسران کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔یہ کتابچہ ضلع بارہمولہ میں قائم کئے گئے مختلف ایکو پارکس کا جامع تعارف فراہم کرتا ہے اور ماحولیاتی تحفظ و دیرپا ترقی کے فروغ دینے میں ان پارکوں کی اہمیت کو اُجاگر کرتا ہے۔ان ایکو پارکس کو ماحولیاتی سیاحت، قدرتی وسائل کے تحفظ اور عوامی شمولیت کی بہترین مثالوں کے طور پر پیش کیا گیا ہے جولوگوںمیں ماحولیاتی بیداری پیدا کرنے اور زمین کے ذمے دارانہ اِستعمال کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔کتابچہ کے ذریعے حکومت کا مقصد ان پارکوں کی قدرتی خوبصورتی اور حیاتیاتی تنوع کو اُجاگر کرتے ہوئے ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت سے لوگوں کو روشناس کرنا اور ایکو پارکس کو قدرتی ورثے کے تحفظ میں ایک اہم ستون کے طور پر پیش کرنا ہے۔اِس موقعہ پر وزیر جاوید احمد رانا نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ میں مقامی عوام کی شمولیت ناگزیر ہے۔ اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ ایکو پارکس کی ترقی میں کمیونٹی کی شرکت کو فروغ دیا جانا چاہیے اور مقامی باشندوں کو تحفظ کے عمل میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ اقدام وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت کی دیرپاترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے تئیں مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے جو خطے میں اَپنے اقدامات اور کامیابیوں کو ظاہر کرتا ہے۔ کتابچہ کی اِجرائی اس بات کی علامت ہے کہ حکومت جموں و کشمیر قدرتی خوبصورتی کو محفوظ رکھنے اور دیرپا ترقی کو فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے۔ایکو پارکس کی ترقی اور ترویج کے ذریعے حکومت نہ صرف اِقتصادی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن پیدا کرنا ہے بلکہ بارہمولہ کے لوگوں کے لئے بہتر مستقبل کی بنیاد بھی رکھ رہی ہے۔اِس موقعہ پر مقامی اراکینِ اسمبلی اور افسران نے حکومت کی کاوشوں کو سراہا اور ماحولیاتی تحفظ اور دیرپا ترقی کے فروغ میں اس پیش رفت کو ایک خوش آئند قدم قرار دیا۔










