تیسری لہر آ گئی تو اس کی ذمہ دار حکومت نہیں عوام ہوگی:منوج سنہا

جموں// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ کورونا وائرس کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے اور اگر تیسری لہر آ گئی تو اس کی ذمہ دار حکومت نہیں عوام ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ویکسینیشن مہم کو تیزی سے آگے بڑھا جا رہا ہے اور اس یونین ٹریٹری میں جتنے لوگوں کو ویکسین لگائی گئی ہے وہ ملکی اوسط سے دوگنی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے بدھ کو جموں کے اکھنور میں ایک تقریب میں بولتے ہوئے کہا: ‘ایک بات کا میں خصوصی طور پر ذکر کرنا چاہتا ہوں۔ انتظامیہ کی کوششوں اور آپ کے تعاون سے ہم کورونا کو شکست دینے میں لگ بھگ کامیاب ہو چکے ہیں لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘کافی لوگ یہ سوال کرتے ہیں کہ تیسری لہر کب آئے گی۔ اگر تیسری لہر آ گئی تو اس کے ذمہ دار آپ ہوں گے ہم نہیں۔ ہم سب کو اپنے رویے میں تبدیلی لانی ہے۔ احتیاط برتنا نہیں چھوڑنا ہے۔منوج سنہا نے کہا کہ میں تیسری لہر کے خطرے کے پیش نظر تمام لوگوں سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ وہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ان کا کہنا تھا: ‘تیسری لہر نہ آئے یہ یقینی بنانے کے لئے ہم سب کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہم سب کا فرض بنتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ویکسینیشن مہم پر بات کرتے ہوئے کہا: ‘ویکسینین مہم کو ہم تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ جموں و کشمیر میں جتنے لوگوں کی ویکسینیشن کی گئی ہے وہ ملکی اوسط سے دوگنی ہے۔ ہم اس ویکسین کی فراہمی کے لئے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے شکر گزار ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘امید ہے کہ ہم ویکسینیشن کو جلد اختتام پر پہنچا کر تعلیمی اداروں میں معمول کی تدریسی سرگرمیاں بحال کر پائیں گے۔ میری لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ مہربانی کر کے ویکسین ضرور لگوائیں۔ اسی کی بدولت ہم یہاں معمول کی زندگی گزر بسر کر سکیں گے۔