تہران میں قطری نیوز چینل کی عمارت پراسرائیلی حملہ، متعدد افراد زخمی

تہران/ایجنسیز//تہران میں قطر کے نیوز چینل کی عمارت پر اسرائیل نے حملہ کردیا۔ تہران سے میڈیا کے مطابق قطری چینل کا کہنا ہے کہ اسرائیلی میزائل نے تہران میں العربی ٹی وی چینل کی عمارت کو نشانہ بنایا۔ قطری چینل کے مطابق اسرئیلی حملے کے بعد لائیو نشریات معطل ہوگئیں، عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔قطری چینل کے بیورو چیف کے مطابق اسرائیلی حملے سے 4 منزلہ عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قطری چینل کی عمارت تہران کے رہائشی اور کمرشل علاقے میں واقع ہے۔ قطری چینل کے بیورو چیف کے مطابق عمارت کی پہلی اور دوسری منزل چینل کے زیر استعمال ہیں، جبکہ باقی منزلوں پر فزیو تھراپی سینٹر، بیوٹی سیلون، ڈینٹل کلینک اور کیفے ہیں۔ دوسری جانب ایرانی میڈیا نے بتایا کہ تہران میں قطری نیوز چینل کی عمارت پر اسرائیلی حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی اسٹراٹیجک تنصیبات کے علاوہ رہائشی علاقوں میں بمباری کی جارہی ہے۔ گزشتہ دنوں تہران میں ایک اسکول پر بھی میزائل حملہ کیا گیا جس میں بچوں سمیت 170 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ دنیا بھر میں اس حملہ کی شدید مذمت کی گئی اور خاطیوں کے خلاف بین الاقوامی قوانین کے تحت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔