’تھور‘ کی چوتھی فلم ریلیز، عید پر مقامی فلموں کیلئے پھر خطرہ

ہولی وڈ سائنس فکشن فلموں کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ مارول اسٹوڈیو نے اپنی مقبول فلم سیریز ’تھور‘ کی چوتھی فلم کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں پیش کردیا۔’تھور‘ سیریز کی چوتھی فلم کو 5 سال کے وقفے کے بعد ریلیز کیا گیا ہے، سیریز کی تیسری فلم 2017 میں پیش کی گئی تھی۔چوتھی فلم ’تھور: لو اینڈ تھنڈر‘ کو 2019 میں پیش کیا جانا تھا مگر مختلف وجوہات اور پھر کورونا کی وبا کے باعث اس کی نمائش موخر ہوتی رہی۔فلم کا ٹریلر اپریل میں جاری کرتے ہوئے اسے دنیا بھر میں جولائی کے پہلے ہفتے کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد 6 جولائی سے فلم کو یورپ اور ایشیا کے کچھ ممالک میں ریلیز کیا گیا۔پاکستان میں بھی ’تھور: لو اینڈ تھنڈر‘ کو 8 جولائی سے عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کیا گیا ہے اور ہولی وڈ فلم کا اس بار تین پاکستانی فلموں ’پنجاب نہیں جاؤں گا، قائد اعظم زندہ باد اور لفنگے‘ سے ہوگا۔پچھلی عید پر ہولی وڈ فلم کی وجہ سے مقامی فلمیں اچھی کمائی کرنے میں ناکام رہی تھیں جب کہ مقامی فلم سازوں نے سینما مالکان پر پاکستانی کے بجائے غیر ملکی فلموں کو زیادہ دکھانے کا الزام عائد کرتے ہوئے عدالت سے بھی رجوع کیا تھا۔سندھ ہائی کورٹ نے فلم سازوں کی درخواست پر فیصلہ دیا تھا کہ سینما مالکان 70 فیصد اسکرینز مقامی فلموں کو دینے کے پابند ہیں اور غیر ملکی کے بجائے مقامی فلموں کو زیادہ دکھایا جائے۔
عدالتی فیصلے کے بعد اس بار خیال کیا جا رہا ہے کہ سینما مالکان مقامی فلموں کو زیادہ ترجیح دیں گے، تاہم اس باوجود خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس بار بھی شائقین مقامی کے بجائے غیر ملکی فلموں کو شوق سے دیکھیں گے۔
’تھور: لو اینڈ تھنڈر‘ کی کہانی مختلف خیالی دنیاؤں کے دیوتاؤں، برے لوگوں اور خفیہ طاقتوں کی جنگ کے گرد گھومتی ہے، اس فلم میں دیگر خیالی کائناتیں دکھانے کے علاوہ مصنوعی دنیا ’اسگارد‘ کو بھی دکھایا گیا ہے، جسے تیسری فلم میں تباہ کردیا گیا تھا مگر نئی فلم میں اسے مزید دلکش بناکر دکھایا گیا ہے۔فلم میں تھور کا کردار کرس ہیمس ورتھ جب کہ لیڈی تھور یعنی جینے فاسٹر کا کردار نتالی پورٹمین نے ادا کیا ہے۔فلم میں ٹیسا تھومپسن نے والکیری کا کردار ادا کیا ہے جو ’اسگارد‘ نامی خیالی ریاست کی بادشاہ ہوتی ہیں جب کہ کرسچن بیل نے ’گور دی گارڈ بچر‘ کا کردار ادا کیا ہے جو کہ برا کردار ہوتا ہے اور وہ دیوتاؤں کو ختم کرنے کی جستجو میں مصروف دکھائی دیتا ہے۔فلم میں رسل کرو نے ’زیوس‘ کا کردار ادا کیا ہے جو کہ فلم کی خیالی دنیا ’اولمپینز‘ کے دیوتا ہوتے ہیں جب کہ فلم میں ہدایت کار ٹیکا وٹیٹی نے تھور کے ساتھی جنگجو کورگ کا کردار ادا کیا ہے۔
فلم کی ہدایات ٹیکا وٹیٹی نے دی ہیں جب کہ اس کی کہانی بھی انہوں نے جینیفر کیٹلان کے ہمراہ لکھی ہے۔اس سیریز کی سیریز کی پہلی فلم 2011 میں ریلیز ہوئی تھی، جسے ’تھور‘ کا نام دیا گیا تھا۔

کیٹاگری میں : صحت